صوابی،منشیات کی سمگلنگ ناکام خاتون سمیت 6 گرفتار،چرس برآمد

صوابی،منشیات کی سمگلنگ ناکام خاتون سمیت 6 گرفتار،چرس برآمد

  

صوابی(بیورورپورٹ)ٹوپی اور چھوٹا لاہور ضلع صوابی کی پولیس نے الگ الگ ناکہ بندیوں کے دوران پشاور اسلام آباد موٹر وے اور تر بیلہ ڈیم کے راستے موٹر کاروں کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر لیڈی سمیت چھ سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی ایس پی لاہو ر تاج محمد خان کی قیادت میں ایس ایچ او شفیق احمد خان اور ان کی ٹیم نے منشیا ت فروشوں کے خلاف کرک ڈاؤن کے دوران ایک موٹر کار نمبر PH-0365کو روک کر خفیہ خانوں سے 4023گرام چرس بر آمد کر کے کار ڈرائیور طاہر سکنہ ہر کی خیل باڑہ اور اکرام اللہ سکنہ ارمڑ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد منشیات پشاور اسلام آباد موٹر وے کے راستے پنجاب سمگل کر رہے تھے۔ اسی طرح ایک اور کارروائی میں عبداللہ سکنہ شگئی انبار کے قبضے سے 2040گرام اور افتخار سکنہ جلبئی کے قبضے سے دوران گشت 1040گرام چرس بر آمد کر کے گرفتار کر لیا اسی طرح دوران گشت 2018سے قتل اور اقدام قتل میں پولیس کو مطلوب اشتہاری سبحان اللہ سکنہ کھنڈہ کو لوڈ کلاشنکوف سمیت گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی ٹوپی افتخار خان اور ایس ایچ او تھانہ ٹوپی نیاز علی خان کی قیادت میں انچارج چیک پوسٹ شہید بابا الیاس خان اور پولیس نفری نے ناکہ بندی کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو تلاشی لینے کے عرض سے روکا دوران تلاشی موٹر سائیکل سوار سیف اللہ اور اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھی اس کی بہن مسماۃ (ع) ساکنان گاڑ تاجک متھرہ پشاور کے قبضے سے آٹھ کلو گرام چرس بر آمد کر کے گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان چرس تر بیلہ ڈیم کے راستے صوبہ پنجاب سمگل کر رہے تھے۔ چھوٹا لاہور اور ٹوپی پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -