گورنر سندھ سے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کاروباری حضرات کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیاں ترتیب دیں گے اور اس ضمن میں دنیا بھر میں اختیار کئے گئے اصولوں کو پیش نظر رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد میں شمعون سلطان، چیئر مین زید بشیر، سہیل خان، عابد عمر، یاسین پراچہ، الطاف ہاشوانی، جنید ڈانڈیا اور اسفندیار فرخ شامل تھے۔ ملاقات میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں پر اس کا اثر، اس کے تدارک کے اقدامات اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے مطالبہ کیا کہ انہیں امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی طرز پر آن لائن کاروبار کی اجازت دی جائے، گورنر سندھ نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے باعث آن لائن بزنس کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیل انڈسٹری اپنے ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ریٹیل انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ ایسوی ایشن کے عہدیدار شمعون سلطان نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے باعث ریٹیل انڈسٹری بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریٹیل سیکٹر کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے حکومت کی مدد درکار ہے، خصوصاً آن لائن بزنس کی اجازت سے ریٹیل سیکٹر کو فائدہ ہوگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -