کرونا کے خلاف سندھ حکومت کی پالیسی کو دنیا نے سراہا ہے: ناصر حسین شا ہ

کرونا کے خلاف سندھ حکومت کی پالیسی کو دنیا نے سراہا ہے: ناصر حسین شا ہ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے صوبے میں جاری اسپرے مہم کو مزید تیز اور موثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا کی وباسے بچا کے لئے کی جانے والی جراثیم کش ادویات کے چھڑکاو مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نے وزیر بلدیات سندھ کو بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع کی تمام یونین کونسلوں میں جراثیم کش ادویات کا باقاعدگی کے ساتھ اسپرے کیا جارہا ہے جس سے مہلک وبا کے خاتمے اور پھیلا کو روکنے میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے۔ اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے نہایت ہی سنجیدہ اقدامات کے انعقاد اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دے رہی ہے، مگر عوام کو بھی اس معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر صدق دل سے عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ سندھ کو صحتمندانہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں کرونا کی وبا سے نپٹنے کیلئے وفاقی سطح سے کئے جانے والے اقدامات پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں، مگر اس کے باوجود حکومت سندھ کسی بھی تنازع کا شکار ہوئے بغیر انسانی جانوں کو بچانے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا کے خلاف جس سرعت اور عمدگی سے جامع اور مربوط پالیسی مرتب کی، اس نے سندھ کی عوام کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عالمی اداروں اور بیرونی دنیا میں میں حکومت سندھ کی جانب سے کرونا کے خلاف کی جانے والے اقدامات کی ستائش ہورہی ہے، اور عوام کے تعاون کی بدولت جلد ہی کرونا کی وباسے چھٹکارا ممکن ہوجائے گا۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کا علاج حکومتیں نہیں کرسکتیں اس وائرس کا علاج صرف ایک ہے کہ پورا ملک ایک ہو ہم تنہا فیصلے نہیں کر سکتے میں علما کرام کا بیحد شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے نے ناقابل یقین حد تک ہمارا ساتھ دیاہے انہوں نے کہا کہ جو کل ہم پر تنقید کے لئے نمودار ہوئے وہ تین تیرہ میں بھی نہیں ان سب کو میں اچھی طرح جانتاہوں یہ سب وزیراعظم کے ایک اجلاس میں بھی نہیں آئے ہیں، لاک ڈاون کی طوالت اور سختی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سماجی فاصلوں اور رابطوں میں احتیاط ہی کرونا کے خلاف سب سے موثر ہتھیار ہے مگر بعض لوگ حکومتی احکامات کے برعکس معمول کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں جو کہ خطرے سے خالی نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام علما کرام، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، سیکورٹی ادارے اور سماجی تنظیمیں اپنے اپنے دائرہ کار میں بہترین انداز سے قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، اور حکومت سندھ اس تعاون پر ان سب کی شکر گزار اور ممنون ہے۔

مزید :

صفحہ اول -