کرونا وباء کے خاتمے تک راشن تقسیم کیا جائے گا: بلاول بھٹو

کرونا وباء کے خاتمے تک راشن تقسیم کیا جائے گا: بلاول بھٹو

  

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں امدادی پروگرام میں شامل ہوں، پارٹی کی تنظیمیں بشمول ملحقہ تنظیمیں لوگوں کی عزت نفس کو ملحوظ خاطر رکھ کر بھی یونین کونسلز محلہ گلی میں موجود نادار افراد اور غریب خاندانوں کی اپنا خاندان سمجھ کر مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا نے غریب نادار طبقہ کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ امدادی مہم میں کرونا وائرس کے خاتمے تک راشن تقسیم کئے جائیں اور مخیر حضرات سے بھی تعاون لیا جائے۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کو فون پر ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے بڑھتے معاشی انسانی مسائل کے حل اور غریبوں دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے امدادی پروگرام مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے نیر بخاری کو تمام پارٹی رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز سے رابطوں کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی اور بھرپور رابطوں اور امدادی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی کی ہدایت بھی کی۔ بلاول بھٹو نے نیر بخاری سے کہا کہ صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے صدور کو بھی آگاہ کیا جائے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ دریں اثنا پارٹی چیئرمین کی ہدایت پر سید نیر حسین بخاری نے ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی عہدیداران سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں کرونا وائرس کی روک تھام اور عوام الناس کی مشکلات دور کرنے کیلئے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی تنظیمیں پہلے سے شروع کردہ امدادی مشن کو مزید توسیع دیں گی۔دریں اثنا  بلاول بھٹو زرداری نے مشال خان کے یوم شہادت پر ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ امید ہے کہ ہم انسانیت اور انسانی زندگی کی قدروقیمت کے شعور کے ساتھ کرونا وائرس کی وبائی آفت سے باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں مشال خان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مشال خان کی زندگی کا اس کے اطراف کے لوگوں نے بہیمانہ طریقے سے خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مشال خان کا قتل ہمارے مجموعی شعور پر ایک بدنما داغ ہے۔

  بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -