مدارس کھولنے کی خبریں من گھڑت، ملک کو اسوقت یکجہتی کی ضرورت: مولانا حسین احمد
پشاور(سٹاف رپورٹر) مدارس کھولنے کی من گھڑت خبریں پھیلانے کامقصد قومی وحدت کو سبوتاژکرنا ہے، مولانا حسین احمد،مشکل کی یہ گھڑی جھوٹی خبریں پھیلانے کی نہیں بلکہ قومی وحدت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔علماء بھر پور طریقے سے قومی فرائض اداکررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم مولانا حسین احمد نے مدارس کھولنے کے حوالے سے خبر پر سخت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اس خبر میں کوئی سچائی نہیں اس وقت تمام مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پربند ہیں۔ وفاق المدارس نے 14مارچ کو ایک اعلی سطحی اجلاس میں مکمل تعطیلات کا اعلان کردیا ہے اور چار لاکھ طلبہ وطالبات کا سالانہ امتحان جون تک ملتوی کردیا ہے۔ہم نے تر مذہبی اجتماعات ملتوی کردیے ہیں یہا ں تک کہ باجماعت نماز محدود کرنے اورجمعہ کے خطبات مختصر کرنے کے فتوی جاری کیے۔تمام مکاتب فکر کے علماء نے متفقہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں رجو ع الی اللہ کے ساتھ ساتھ تمام تراحتیاطی تدابیر اختیارکرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔کرونا وائرس کی وبا میں علماء بھر پور طریقے سے قومی فرائض اداکررہے ہیں۔لیکن ان تمام تر تعاون کے باوجود حکومت علماء اور مذہبی طبقات کے ساتھ دین دشمنی کا مظاہرہ کررہی ہے۔کرونا وائرس کے حوالے سے تبلیغی جماعت او رائمہ وخطباء کے ساتھ توہین آمیز رویہ کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ایف آئی آرزدرج کی جاتی ہیں۔اور اب مدارس کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی یہ گھڑی جھوٹی خبر یں پھیلانے اور ایک دوسرے پر اپنی ذمہ داریاں ڈالنے کی نہیں بلکہ ان حالات میں قومی وحدت اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔حکومتی وزراء اور انتظامیہ اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے غلط انفارمیشن کا سہارا نہ لیں۔