نامور صحافی چوہدری محمد عالم وفات پاگئے، پاک میڈیا فورم (ریاض) اور پاکستان جرنلسٹ فورم (جدہ) کا اظہار تعزیت

نامور صحافی چوہدری محمد عالم وفات پاگئے، پاک میڈیا فورم (ریاض) اور پاکستان ...
نامور صحافی چوہدری محمد عالم وفات پاگئے، پاک میڈیا فورم (ریاض) اور پاکستان جرنلسٹ فورم (جدہ) کا اظہار تعزیت

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاک میڈیا فورم (ریاض) اور پاکستان جرنلسٹ فورم (جدہ) کی جانب سے پاکستان کے علاقے واربرٹن کے نامور بزرگ صحافی چوہدری محمد عالم کی وفات پر آن لائن تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاءاللہ محسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد عالم گزشتہ پچاس سال سے شعبہ صحافت سے منسلک تھے اور قومی اخبار نوائے وقت کے ساتھ منسلک رہے، انہوں نے ہمیشہ اپنے قلم سے علاقائی مسائل کو ناصرف اجاگر کیا بلکہ ان کے حل کے لئے بھی تجاویز بھی دیں.

چوہدری محمد عالم تحریک پاکستان کے سرگرم رکن تھے جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ہمراہ آزادی کی جنگ بھی لڑی اور آزادی کے بعد قلم کے ذریعے معمار وطن میں بھی اپنا نام لکھوایا، نوائے وقت کے آنجہانی چیف ایڈیٹر مجید نظامی ہمیشہ چوہدری محمد عالم کا نہایت عزت اور احترام کے ساتھ استقبال کرتے اور نوائے وقت میں انہیں خاص مقام دیتے تھے، اس کے علاوہ ان کی خدمات کے اعتراف میں چودہ اگست کے موقع پر ایوان اقبال لاہور میں چوہدری محمد عالم کو گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا جو ضلع ننکانہ صاحب کے لئے قابل فخر بات ہے.

چوہدری محمد عالم موجودہ دور میں نئے صحافی طبقے کے لئے روشن مثال تھے، انہوں نے جس طرح صحافتی امور کو اجاگر کیا ہے اسے ضلع ننکانہ صاحب اور ضلع شیخوپورہ کی صحافی برادری ہمیشہ یاد رکھے گی، چوہدری محمد عالم نے اپنی زندگی انتہائی سادگی سے گزاری ہے ذکاءاللہ محسن نے بتایا کہ چوہدری محمد عالم مرحوم کے بیٹے بھی شعبہ صحافت سے منسلک ہیں اور احسن انداز کے ساتھ صحافتی امور سرانجام دے رہے ہیں.

پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم، جنرل سیکرٹری تسنیم امجد، سنئیر نائب صدر وقار نسیم وامق، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثناء بشیر، انفارمیشن سیکرٹری رانا عظیم، جوائنٹ سیکرٹری اجمل منہاس، ایگزیکٹو ممبر محمد عمران، جاوید احمد راہو، خالد نواز چیمہ اور پاکستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان، صدر شاہد نعیم سمیت تمام ممبران نے چوہدری محمد عالم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے بیٹے چوہدری عبدالغفار سے اظہار تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ پاک چوہدری محمد عالم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے،ہم ان کی صحافتی خدمات اور تحریک آزادی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر سلام پیش کرتے ہیں.

مزید :

عرب دنیا -