سندھ ہائیکورٹ ،ذخیرہ اندوزی و اشیائے ضروریہ مہنگی فروخت کے کیس میں ڈویژنل کمشنرز سے رپورٹ طلب

سندھ ہائیکورٹ ،ذخیرہ اندوزی و اشیائے ضروریہ مہنگی فروخت کے کیس میں ڈویژنل ...
سندھ ہائیکورٹ ،ذخیرہ اندوزی و اشیائے ضروریہ مہنگی فروخت کے کیس میں ڈویژنل کمشنرز سے رپورٹ طلب

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے ذخیرہ اندوزی و اشیائے ضروریہ مہنگی فروخت کے کیس میں صوبے بھر کے ڈویژنل کمشنرز سے رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکور ٹ میں ذخیرہ اندوزی و اشیا ئے ضروریہ مہنگی فروخت کے کیس کی سماعت ہوئی،زائد قیمتوں پر اشیا ئے ضروریہ فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف عدالت برہم ہو گئی،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ عوام کی ضرورت کی چیزیں قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں، ماسک ، سینی ٹائز ر اور دیگر چیزیں ذخیرہ اندوزوں نے مہنگی کردی ہیں، عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سے استفسار کیا کہ آپ نے جو ماسک پہنا ہے یہ کتنے کا تھا اور اب کتنے کا مل رہا ہے؟، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ یہ ماسک 5روپے کا تھا اب 50سے60روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ سینی ٹائزر 100روپے والا 900روپےسے زائد قیمت پرفروخت ہورہا ہے،لاک ڈاوَن کے دوران ہر چیز ڈبل ، ٹرپل قیمتوں پر فروخت ہورہی ہے،کوئی ایک علاقہ بتادیں جہاں حکومت نے کارروائی کی گئی ہو،قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرنے کہاکہ کمشنر کراچی کی ویب سائٹ پر ریٹ لسٹ موجود ہے،جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ ٹھیلے والے کو ویب سائٹ کا کیا پتہ ، پرنٹ کروا کر تقسیم کیوں نہیں کرتے؟ ماسک ، سینی ٹائزر اوردیگر چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔

سندھ ہائیکور ٹ نے صوبے بھر کے ڈویژنل کمشنرز سے رپورٹ طلب کر لی،عدالت نے کہاکہ بتایا جائے ذخیرہ اندوزوں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی،عدالت نے سندھ حکومت و دیگر متعلقہ اداروں سے بھی تفصیلات طلب کرلیں۔

مزید :

قومی -علاقائی -سندھ -کراچی -