وفاقی کابینہ کا لاک داؤن میں 30 اپریل تک مزید توسیع کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا لاک داؤن میں 30 اپریل تک مزید توسیع کا فیصلہ
وفاقی کابینہ کا لاک داؤن میں 30 اپریل تک مزید توسیع کا فیصلہ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں کورورنا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر حکومت نے ملک میں لاک ڈاﺅن کو 30 اپریل تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔

نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران کابینہ نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور انسداد کیلئے لاک ڈاﺅن کو 30 اپریل تک جاری رکھنے کی منظوری دیدی ہے ۔ کابینہ کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی میں جائے گا جہاں تمام صوبوں کے وزراءاعلیٰ اور عسکری حکام کو آن بورڈ لیا جائے گا ، مشاورت کے بعد قومی رابطہ کمیٹی میں لاک ڈاﺅن کے فیصلے کی حتمی منظوری دی جائے گی ۔

وفاقی کابینہ میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ،لاک ڈاﺅن کے حوالے سے دو آپشن موجود تھے ، پہلا یہ کہ لاک ڈاﺅن کو 21 اپریل تک بڑھایا جائے تاہم بعد ازاں یہ فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاﺅن کو 30 اپریل تک جاری رکھنا چاہیے ۔

یاد رہے کہ کورونا نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے اور اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 82 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں بھی آئے روز متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو تا چلا جارہاہے اور آج مریضوں کی تعداد 5 ہزار 716 ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں تین ہزار 157 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 342 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے جس کے بعد تعداد 5716 ہو گئی ہے جبکہ تین افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ پاکستان میں اب تک 96 افراد مہلک وبا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے 46 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف قرنطینہ سینٹر میں علاج جاری ہے تاہم 1378 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں مریضوں کی تعداد 2826 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں 1452 ، کے پی کے میں800، گلگت بلتستان میں 233، بلوچستان میں 231 ، اسلام آباد میں 131 اور آزاد کشمیر میں 43 کیسز سامنے آئے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -