پی ایس ایل کا نقصان پورا کرنے کیلئے انشورنس بھی ’ناکام‘ مگر کیسے؟ ایسی تفصیلات سامنے آ گئیں کہ ہر پاکستانی افسردہ ہو جائے

پی ایس ایل کا نقصان پورا کرنے کیلئے انشورنس بھی ’ناکام‘ مگر کیسے؟ ایسی ...
پی ایس ایل کا نقصان پورا کرنے کیلئے انشورنس بھی ’ناکام‘ مگر کیسے؟ ایسی تفصیلات سامنے آ گئیں کہ ہر پاکستانی افسردہ ہو جائے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انشورنس میں عالمی وباءشامل نہیں ہے جس کے باعث کسی بھی وجہ سے بقیہ میچز کا انعقاد نہ ہونے کی صورت میں کوئی رقم نہیں مل سکے گی اور یوں پالیسی کی بھاری رقم ضائع ہو جائے گی، بورڈ کے ترجان کا کہنا ہے کہ جنگ، دہشت گردی اور ائیرسپیس بند ہونے کے خطرات پالیسی میں شامل کئے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دئیے گئے ہیں، انگلینڈ میں رواں برس ومبلڈن ٹینس کا انعقاد بھی نہیں ہو سکے گا البتہ اس کے باوجود منتظمین کو زیادہ مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ انہیں انشورنس کی مد میں 141 ملین ڈالر ملیں گے، 2003ءمیں سارس وائرس پھیلنے کے بعد ومبلڈن کی انشورنس پالیسی میں عالمی وباءکو بھی شامل کرا دیا گیا تھا۔

گزشتہ مہینے پی ایس ایل5کے پلے آف میچز کو بھی کورونا کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا، گوکہ بورڈ رواں برس کے اواخر میں انعقاد کرنا چاہتا ہے مگر زمینی حقائق کچھ اور ہی ہیں،اگر میچز نہ ہو سکے تو اسے بھاری مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑے گا۔ذرائع کے مطابق انشورنس پالیسی کی مد میں بھاری رقم ادا کی جاتی ہے مگر کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس میں عالمی وباءشامل ہی نہیں ہے۔

اس حوالے سے استفسار پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ حالیہ رحجانات اور چیلنجز کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل کی انشورنس پالیسی میں جنگ، دہشت گردی اور ایئرسپیس بند ہونے کے خطرات کو شامل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مہینے میڈیا سے بات چیت میں چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے التواءسے پی سی بی کوکم از کم 20کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -