چین سے انتہائی تشویشناک خبر آگئی، کئی ہفتوں بعد ایک دن میں کورونا وائرس کے کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح کے بعد چین سے ایک بار پھر تشویشناک خبر آ گئی ہے جہاں موذی وباءایک بار پھر سراٹھاتی نظر آ رہی ہے۔ universal.com.ng کے مطابق چین میں گزشتہ ایک دن میں کورونا وائرس کے 9مریض سامنے آگئے ہیں جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد 108ہو گئی ہے جوتین ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان 108کیسز میں سے 98بیرون ملک سے آئے۔ ان میں سے 49لوگ روس سے چین کے صوبے ہیلانگ جیانگ میں داخل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت چین کے وہ شہر زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جو روس کی سرحد پر واقع ہیں۔ سوئی فین ہی نامی سرحدی قصبے میں دو درجن سے زائد مریض سامنے آئے ہیں اور یہ سب روس سے آئے تھے۔ اس قصبے کے ژو نامی شہری کا کہنا ہے کہ ”ہم اپنے قصبے کو محفوظ ترین جگہ سمجھ رہے تھے لیکن اب یہی خطرناک ترین جگہ بنتی نظر آ رہی ہے۔ چینی شہری روس سے واپس آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ہوش کرنی چاہیے۔ آخر وہ واپس آ کر کیا کرنا چاہتے ہیں؟“رپورٹ کے مطابق اب سوئی فین ہی سمیت کئی سرحدی شہروں اور قصبات میں لاک ڈاﺅن کیا جا چکا ہے اور وہاں ووہان کی سی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔