فلاحی تنظیم ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ""نےسفید پوش اور مستحق افراد کی امداد کا بیڑہ اٹھا لیا ،سینکڑوں راشن بیگز اور ہزاروں افراد میں روزانہ کھانا تقسیم

فلاحی تنظیم ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ""نےسفید پوش اور مستحق افراد کی امداد ...
فلاحی تنظیم

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )عالمی فلاحی تنظیم ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ "" کے زیر اہتمام مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور لاہور میں سینکڑوں مستحق افراد کو کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بڑی تعداد میں غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن بیگز بھی  تقسیم کئے جا رہے ہیں، ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کے چیئرمین اور امریکہ میں مقیم معروف سماجی رہنما فرخ جاوید بیگ نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور کسی امتیاز کے بغیر خدمت کا یہ سلسلہ کئی سال سے جاری ہے، ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کے ڈائریکٹر فراز جاوید بیگ کا کہنا تھا کہ اللہ کے دیئے ہوئے رزق میں سے اللہ کی راہ میں تقیسم کرنے سے رزق میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا ہے،مخیر حضرات دکھی انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تفصیلات کے مطابق  ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کی جانب سے سعودی عرب میں مقیم مسافروں کو کھانا فراہم کرنے کے لئے مثالی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ لاہور کے جنرل ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کے مسافر خانوں میں سینکڑوں افراد میں دوپہر کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ،اسی طرح چونگی امر سدھو ،غازی روڈ ، ائیرپورٹ روڈ اور والٹن میں بھی روزانہ کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر غریب مزدوروں میں کھانا تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے عام ،سفید پوش اور غریب ہم وطنوں کو راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ کئی دنوں سے جاری ہے اور پورا رمضان یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ "" کے چیئرمین اور نیو جرسی امریکہ میں مقیم معروف سماجی رہنما فرخ جاوید بیگ نےاس سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کی صورتحال کے دوران یومیہ اجرت پر کمانے والےمزدوروں ، بیواؤں ، یتیموں  اور خصوصی طور پر ایسےسفید پوش و مستحق خاندان جو کسی کے سامنے سوال کرنے سے کتراتے ہیں ان میں امدادی سامان  اور راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ ہم رمضان المبارک میں شروع کرتے تھے  لیکن امسال ہماری فلاحی تنظیم گذشتہ ماہ سے راشن بیگز کی تقسیم کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے جو اللہ کے فضل سے پورا رمضان اور اس کے بعد بھی جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک  ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کے زیر اہتمام  500سے زائد مستحق خاندانوں کو انکی دہلیز پر راشن بیگ تقسیم کئے ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ پانچ ہزار مستحق خاندانوں تک یہ سلسلہ بڑھایا جائے۔ ""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کے ڈائریکٹر اور نوجوان بزنس مین فراز جاوید بیگ کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال سےلاہورکےمختلف ہسپتالوں کےمسافر خانوں میں""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""دوپہر کا کھانا تقسیم کر رہا ہےجبکہ شہر لاہور کے ایسے ایریاز جہاں مزدوروں کا رش ہوتا ہے وہاں پر بھی ہماری تنظیم سینکڑوں مزدوروں میں کھانا بانٹتی ہے ،ہماری کوشش ہے کہ جس حد تک بھی ممکن ہو ہم اس کا دائرہ کار  بتدریج بڑھاتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے، انسانیت کی خدمت کرنے سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے، مصبیت کی اس گھڑی میں ہم اپنے سفید پوش مستحق خاندانوں کیساتھ کھڑ ے ہیں اور تنظیم کے پلٹ فارم سے ہم سے جتنا ہو سکے گا ہم بھرپور مدد کرینگے۔""گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ ""کے پاکستان میں پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل احمد  کا کہنا تھا کہ فلاحی کام کا سلسلہ اللہ کے فضل سے پھیل رہا ہے،ہماری ٹیم اس سلسلہ میں تمام امور کو بہترین انداز میں سرانجام دے رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سفید پوش افراد کو اس سلسلہ میں خاص اہمیت دی جائے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -