صوبائی مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے ڈاکٹر شہباز گل کو کھری کھری سنا دیں

صوبائی مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے ڈاکٹر شہباز گل کو کھری کھری سنا دیں
صوبائی مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے ڈاکٹر شہباز گل کو کھری کھری سنا دیں

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل نامی شخص کا کوئی سیاسی بیک گراو نڈ نہیں ہے،یہ""مہمان اداکار""وفاق اورصوبائی حکومتوں کےدرمیان دوریاں پیدا کرنےکا کردار ادا کررہے ہیں،یہ وقت تنقیداورسیاست کانہیں بلکہ ملکی عوام کو خطرناک وباء سے بچانے کا ہے، بلا جواز تنقید اور دوسروں کو گالیاں دینا موصوف کا مشغلہ بن گیا ہے، شہباز گل صاحب کو مشورہ ہے کہ وہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے فوبیا سے باہر نکلیں اور کچھ عملی کام کریں ورنہ عوام کے غیض و غضب کے لئے تیار رہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اپنی حیثیت سے ناواقف شخص سندھ حکومت پر تنقید کرکے اپنا بونا قد بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں جو ممکن نہیں ہے، انکا نہ کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ ہے اور نہ سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق ہے ،دنیا جانتی ہے کہ پی ٹی آئی میں نالائق اعظم بننے کی دوڑ لگی ہوئی ہے، بے چارے شہباز گل کی مجبوری ہے کہ وہ اپنی صفوں میں موجود لوگوں سے نبردآزما ہیں، انکے نزدیک پی ٹی آئی سے بے دخلی سے بچنے کا واحد جواز پیپلزپارٹی کو گالیاں دینا رہ گیا ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ انکی زبان کی وجہ سے ہی شہباز گل کو وزیراعلی پنجاب نے عہدے سے ہٹایاتھا، کورونا وائرس اور ڈوبتی معیشت سے نمٹنے کے بجائے موصوف کا وقت سندھ حکومت پر تنقید کرتے گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حملے سے لیکر آج دن تک جناب نے دھیلے کا کام نہیں کیا،موصوف نے خوف کے مارے ازخود ٹھنڈے کمرے میں خود کو قرنطینہ کرلیا ہے ،بہتر ہے جو توانائی بچی ہے اسے عوام کی خدمت میں صرف کریں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -