بینچ اور بارنظام عدل کا لازمی حصہ، انصاف کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرنی چاہیے: چیف جسٹس 

بینچ اور بارنظام عدل کا لازمی حصہ، انصاف کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرنی چاہیے: ...

  

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے بلوچستان لائرز فورم کے وفد نے ملاقات کی۔ منگل کوعدالت عظمی سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد سے ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد کاکڑ کی سربراہی میں قاسم علی غلزئی وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل،بلوچستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ایوب ترین اور راحب بلدئی ممبر بلوچستان بار کونسل پر مشتمل چار رکنی وفد نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ بینچ اور بار نظام عدل کا  لازمی حصہ ہیں،بار اور بینچ کوانصاف کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرنی چاہیے تاکہ متاثرہ فریقین کو فوری انصاف  مل سکے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے  وفد کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات سے آگاہ کیا۔وفد نے ملاقات کیلئے قیمتی وقت دینے پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلاء کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے وفد کو متعلقہ فورم سے  مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔ عدالت عظمیٰ ہی کی طرف سے جاری ایک اور اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور سپریم کورٹ کے دیگر معزز ججز صاحبان نے پاکستان بار کونسل کے سیکرٹری محمد ارشد کی وفات پر تعزیت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد اور عدالت عظمٰی کے دیگر معزز ججز صاحبان  پاکستان بار کونسل اسلام آباد میں تشریف لائے اور  سیکرٹری پاکستان بار کونسل محمد ارشد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ نے دیگر ججز صاحبان نے  مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے  فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ معزز ججز نے پاکستان بار کونسل کے ارکان کے ساتھ ساتھ مرحوم کے سوگوار خاندان  کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اس ناقابل تلافی نقصان کو ہمت اور حوصلہ کے ساتھ برداشت کرنے کی دعا بھی کی۔ 

چیف جسٹس 

مزید :

صفحہ آخر -