حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے تاریخی کردارادا کررہی ہے: اسدقیصر 

حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے تاریخی کردارادا کررہی ہے: اسدقیصر 

  

  

صوابی(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تمام محروم طبقات اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے اور ترقی کے لئے تاریخ ساز کر دار ادا کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کے اندر بلو چستان اور کراچی کو ڈویلپمنٹ کے لئے بڑے بڑے پیکیج دیئے گئے جب کہ خیبر پختونخوا  اور  فاٹا کے ضم کئے گئے علاقوں  میں بھی ترقیاتی کام  جاری ہیں   تاکہ پسماندگی کے شکار ضم شدہ اضلاع بھی نہ صر ف ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے بلکہ یہاں روزگار کے مواقع میسر ہو سکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ممتاز قومی شخصیت  میجر(ر) محمد عامر کی صدارت میں صوابی الیکٹرانک اینڈ پرنٹ میڈیا ایسو سی ایشن کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سیما کے سر پرست اعلی محمد شعیب، صدر محمد فاروق، جنرل سیکرٹری عظمت علی، سینئر نائب صدر امجد علی، نائب صدر مصطفی کمال، جوائنٹ سیکرٹری محمد عادل، سیکرٹری مالیات محمد ریاض، پریس سیکرٹری رخسار علی اور ارکان مجلس عاملہ مقدم خان اور محمد شاہد سے حلف لیا جب کہ تقریب سے مقدم خان، محمد ریاض اور عظمت علی نے بھی خطاب کر تے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ چونکہ پشاور تجارت کے حوالے سے گوادر اورکراچی بندر گاہ سے کافی دور ہونے کے سبب تجارتی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کر سکتا  اسلئے چکدرہ چترال موٹر وے اور پشاور ڈی آئی خان موٹر وے کی تعمیر سے بھر پور فائدہ اُٹھایا جائیگا تاکہ گوادر تک رسائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تجارت کے فروغ کے لئے عالمی مارکیٹ کو کھولا جائے افغانستان اور وسطی ایشیاء کے ممالک کے سرمایہ کار آکر یہاں کاروبار کریں اورپشاور تجارت کے حوالے سے عالمی مارکیٹ بن جائے۔ افغانستان جو دہشت گردی کے جنگ سے کافی متاثر ہوا ہے ہم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ پُرانے روٹ کے ذریعے سنٹرل ایشیاء تک رسائی کو ممکن بنانا چاہتے ہیں۔ اس روٹ کی بحالی کے لئے عالمی معیار کے مطابق پشاور سے طورخم تک روڈ تعمیر کیا جائیگا تاکہ اس روٹ کے ذریعے سنٹرل ایشیاء کے ساتھ تجارت ممکن ہو سکے انہوں نے کہا کہ جب افغانستان میں امن قائم  ہونے سے یہاں روزگار کے مواقع امن، ترقی اور خوشحالی آئے گی افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان بہت سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ  سرکاری نوکریوں سے بے روزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں اس لئے ہم نے بے روزگاری کے خاتمے کے لئے تجارت کو ترجیح دی اس لئے رشکئی کے مقام پر عالمی سطح کا اکنامک زون بن رہا ہے جس کا افتتاح کرونا وائرس میں کمی آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان بہت جلد کریں گے۔

اسد قیصر

مزید :

صفحہ آخر -