عوام کو سستی‘ معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘ زین قریشی

عوام کو سستی‘ معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘ زین قریشی

  

ملتان(نیوز رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ماہ رمضان کے حوالے سے 7ارب روپے کا خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹور کا عوام کو 19اشیاء پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ عوام کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین(بقیہ نمبر5صفحہ6پر)

 کونسلوں لوٹھڑ‘ بوٹے والا‘ جھوک لشکر میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے زیر اہتمام رمضان ریلیف پیکیج کی افتتاحی تقریب اور موبائل یوٹیلیٹی سٹورز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی بار موبائل یوٹیلیٹی سٹور قائم کئے گئے ہیں۔ جو این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں عوام کو سبسڈی ریٹ پر گھی‘ چینی ودیگر اشیاء ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا حکومت کو عوام کے مسائل کا پوری طرح ادراک ہے۔ جن کو حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا ماہ صیام کی آمد ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجر حضرات نیک نیتی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت حکومتی ریٹس کے مطابق عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صاحبان کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ ریٹ لسٹیں چیک کریں۔ اور بلیک مارکیٹنگ اور اشیاء خوردونوش کی گرانفروشی پر کنٹرول کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں تاجر برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لئے حکومت و انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ہمارا مقابلہ ایک بہت بڑے مافیا سے ہے۔ انشاء اللہ ہم مہنگائی و دیگر چیلنجز پرقابو پا لیں گے۔انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے ایک خاص طبقے کے لئے احساس پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کی بدولت ملک میں غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشنز کے ذریعے اور پنجاب حکومت نے عوام کو ماہ رمضان میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے مختلف اضلاع میں رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں عوام کو 13اشیاء پر 25 فیصد سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے بطور خاص ماہ رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے تمام وزراء کو مختلف اضلاع میں نگران تعینات کیا ہے جو ان اضلاع میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور دیگر حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گے۔ اس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ بعدازاں مخدومزادہ زین حسین قریشی اور ڈاکٹر اختر ملک یونین کونسل لوٹھڑ‘ بوٹے والا‘ جھوک لشکر میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ریلیف پیکیج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یوٹیلیٹی سٹور پر واقع مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں خریداری کے لئے آنے والے افراد سے بات چیت کی۔ اس موقع پر معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

زین قریشی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -