رمضان المبارک:مساجد‘ امام بارگاہوں کی سکیورٹی میں اضافہ‘مانیٹرنگ شروع

رمضان المبارک:مساجد‘ امام بارگاہوں کی سکیورٹی میں اضافہ‘مانیٹرنگ شروع

  

بہاولپور،راجن پور، ڈیرہ(بیورورپورٹ، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار،سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایت پررمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مساجد/امام بارگاہوں،رمضان بازار،رمضان دستر خوان اوردیگراہم مقامات کی حفاظت کے لئے  (بقیہ نمبر24صفحہ6پر)

سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔رمضان المبارک میں ضلع بھر کی کل 477مساجد/امام بارگاہوں کے علاوہ12رمضان بازاراور10رمضان دستر خوان لگائے جائیں گے جن پر ضلع بھرکے800کے قریب پولیس افسران وملازمان کے علاوہ1000سے زائدانتظامیہ کی جانب سے لگائے گئیپرائیویٹ سکیورٹی گارڈ / ولائنٹیر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے ڈولفن فورس،ایگل اسکارڈ، ایلیٹ فورس سمیت خفیہ طورپر مامورکیے گئے سفید پارچات میں آفیسران و اہلکاران تعینات رہیں گے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے ضلع بھر میں قائم کردہ رمضان بازاروں اور رمضان دستر خوان پر عوام الناس کی حفاظت کے پیش نظر ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ڈی پی اونے پیغام میں کہا کہ جاری عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات اور احترام رمضان المبارک آرڈیننس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پرپکٹس قائم کی گئی ہیں جن پر24گھنٹے تعینا ت عملہ ناکہ بندی کر کے مشکوک گاڑیوں اور افراد کو چیک کریں گے۔ رمضان المبارک کے دوران ایلیٹ فورس کی گاڑیاں اپنی گشت نماز کے اوقات میں مساجد اور امام بارگاہوں کے اردگرد خاص طورپر نماز تراویح نماز فجراور جمعتہ المبارک کے اوقات میں مساجد کے ارد گردو کڑی نگاہ رکھیں گے۔ سٹی ایریا بہاول پور میں ڈولفن فورس کے اہلکار نماز کے اوقات میں مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں گشت کریں گے۔ڈی پی اونے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز سرکل اوراور ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانہ جات کے علاقوں میں مساجد،امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو اور ڈیوٹی پر مامور ملازمان کو بریف کریں۔ جملہ ایس ایچ اوز نماز پنجگانہ، تراویح اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے وقت اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں متعین نفری کو چیک کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکار وقت مقررہ پر پہنچ چکا ہے۔رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر میں اہم عمارات، حساس تنصیبات، شاپنگ سنٹرز، ہوٹلز اور بس اسٹینڈ پر سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کا مقصد لوگوں کو اپنی عبادات کے لئے پرامن ماحول میسر کرنا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن رب نواز تُلہ ڈیوٹی پلان کے حوالے سے جملہ حفاظتی انتظامات کے اوورآل نگران ہوں گے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظرپولیس لائن میں ریزرو نفری ہمہ وقت تیار ہوگی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ڈی ایس پی لیگل شاہد اقبال کی زیر نگرانی ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر062-9250363یاوائرلیس کنٹرول نمبر062-9255109ہے۔ کنٹرول روم رمضان المبارک کے اختتام تک24گھنٹے اپنے فرائض سر انجام دے گاجس پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں رابطہ کیا جاسکتا ہے۔جبکہ   ماہ رمضان میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے راجن پور پولیس کے350جوان اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگیڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزارنے تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید بڑھایا جائے تمام خارجی و داخلی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے، 24گھنٹے گشت کو یقینی بنانے اور مساجد،امام بارگاہوں،اقلیتی عبادت گاہوں سمیت اہم شاہراہوں اور چوکوں پرپولیس کی نفری تعینات کرنے کا حکم دیا جبکہ رمضان المبارک میں سحری اور افطار ی کے دوران پولیس کو منظم گشت اور سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار تعینات کرنے،ضلع بھر کے بازاروں میں افطاری کے اوقات میں رش کو کنڑول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کا رش بھی زیادہ نہ ہو کسی بھی ناخوشگوار وقوعہ سے نمٹنے کیلئے RQF کی ٹیمیں ہر تھانے کی سطح پر تیار رہیں گی۔خاص کر سحری،افطاری،اور تراویح کے اوقات میں سیکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے گا اس موقع پر ڈی پی او فیصل گلزار کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر کورونا وائرس کے مزید پھیلاو کو روکنے کے لیے عوام الناس کو چاہئے کہ مساجد میں نماز پنجگانہ کی ادائیگی،تراویح کے اوقات میں حکومت کے رمضان المبارک کی عبادات سے متعلق جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم اس جان لیوا وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ادھرریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ماہ رمضان المبارک میں ریجن کے چاروں اضلاع ڈی جی خان،مظفر گڑھ،لیہ اور راجن پور میں سیکورٹی ہائی الرٹ کے تحت سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چاروں اضلاع کے ڈی پی او ز اپنے اضلاع میں تیار کردہ سیکورٹی پلان کی ایک ایک شق پر عمل در آمد کروانے کے پابند ہوں گے،کورونا ایس او پیز کے تحت مساجد اور عبادت گاہوں میں ہونے والی مذہبی تقریبات کو مکمل سیکورٹی دی جائے گی،ماہ رمضان المبارک کے دوران پولیس قومی شاہرات سمیت ریجن کی تمام سڑکات پر24/7گشت کرے گی،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ کورونا سے بچا کے حوالے سے محکمہ صحت کی طرف سے جو ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں ان پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی پولیس متعلقہ سرکاری اداروں کی بھر پور معاونت کرے گی،انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر پہلے سے زیادہ سپرٹ کے ساتھ عمل در آمد کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے اس حوالے سے جو کوئی قانونی شکنی کرے گا اس کے خلاف قانون فوری طور پر حرکت میں آئے گا،آر پی او نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک خدا کی رحمتوں کو سمیٹنے کا مہینہ ہے،اس مقدس مہینے میں کسی کو کسی قسم کی نفرت اور شر انگیزی پھیلانے کی ہرگز ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،نفرت کی ن اور شر انگیزی کی ش کی چنگاری کو شعلہ بننے سے پہلے ہی قانون کی طاقت سے روک دیا جائے گا،نفرتیں پھیلانے اور شر انگیزی کرنے والوں کو فوری طور پر قانون اپنے شکنجے میں جکڑ لے گا،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ ریجن کے چاروں اضلاع میں سیکورٹی کے انتظامات کی مانیٹرنگ  کے لئے ایک کنٹرول روم آر پی او آفس میں قائم کر دیا گیا ہے جو24/7کام کرتا رہے گا۔

سکیورٹی پلان

مزید :

ملتان صفحہ آخر -