مہنگائی میں اضافہ، ناجائز منافع خور سرگرم ہو گئے، جاوید قصوری

  مہنگائی میں اضافہ، ناجائز منافع خور سرگرم ہو گئے، جاوید قصوری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ رمضان المبار ک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ناجائز منافع خور، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہوگئے ہیں۔اشیاء  خوردو نوش کی قیمتیں، پھل اور سبزیوں کے نرخ غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں۔ پوری دنیا میں مقدس مہینے میں لوگ روزے داروں کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی عوام کو لوٹنے کے سلسلے میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر و استقامت کا درس دیتا ہے۔

 اللہ کے ساتھ اپنے رشتے کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ایثار و قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے۔ غریبوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ حکومت کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے تاکہ لوگ ہر قسم کی معاشی پریشانیوں سے آزاد ہو کر عبادات کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ سستے رمضان بازاروں کے نام پر قائم کیے گئے پراجیکٹس، یوٹیلٹی سٹورز اور منڈیوں میں ناقص اشیاء  فروخت ہورہی ہیں۔ عوام جائیں تو جائیں کہا ں جائیں؟ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے کہ مہنگائی کی شرح میں 300گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری،سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، نائب امراء  ذکر اللہ مجاہد، سردار ظفر حسین خان، نصراللہ گورائیہ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اورڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے بانی خبریں گروپ اور چیئرمین چینل فائیو ضیاء  شاہد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور امتنان شاہد سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل دے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -