رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں آج پہلا روزہ
پشاور(آئی این پی)چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا،پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو آج کستان میں طویل عرصے بعد پوری قوم ایک دن روزہ رکھنے جارہی ہے اور انشااللہ عید بھی ایک ہی دن منائے گی۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17سال بعد خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہوا۔پشاور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی فیصل احمد، سید علی کاکڑ نقوی، مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی قاری میراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، علامہ پیر سید شاہ جیلانی، مولانا اسد زکریا قاسمی، مفتی ضمیر احمد ساجد نے شرکت کی۔رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں اسپارکو کے نمائندے غلام مرتضی، نمائندہ محکمہ موسمیات ڈاکٹر عظمت حیات خان اور نمائندہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین بھی شریک تھے۔تاہم مفتی شہاب الدین پوپلزئی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے انہیں اس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ ماہِ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔شہریوں کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادتوں کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور دفتر ایڈمسنٹریٹر اوقاف کے لینڈ لائن نمبر پر دی گئی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں مطلع صاف تھا جہاں سے متعدد شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا۔
رویت ہلال کمیٹی