اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں: شاہ محمود

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں: شاہ ...

  

  برلن (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں،جرمن ہم منصب اور ملکی قیادت سے انتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئیں، دو طرفہ اقتصادی اور معاشی تعاون کو ایک نئی جہت پر لے کر جا رہے ہیں۔جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے برلن میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی وفد کے شرکاء نے وزیر خارجہ کو جرمنی آمد پر خوش آمدید کہا اور پھول پیش کیے۔وزیر خارجہ نے جرمن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی طریقے سے رقم کی ترسیل میں آسانی فراہم کرنے کیلئے ”ڈیجیٹل روشن پاکستان“منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ کی آپشن کو بھی زیر غور لا رہے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سہولت سے  ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ دورہ جرمنی کے دوران میری جرمن ہم منصب اور دیگر قیادت سے انتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ اقتصادی اور معاشی تعاون کو ایک نئی جہت پر لے کر جا رہے ہیں۔پاکستانی کمیونٹی کے وفد نے پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔کمیونٹی وفد نے میونخ میں سفارت خانہ کھولنے کے اعلان پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -