صنعتکا ر برادری کو پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے: غلام نبی میمن 

صنعتکا ر برادری کو پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے: غلام نبی میمن 

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس تاجر برادری کو سازگار ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہاہے اور کاروباری مراکز باالخصوص صنعتی علاقوں کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہاہے اس حوالے سے صنعتکار برادری کا تعاون بھی قابل تحسین ہے۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان کی دعوت پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سینٹرل عاصم قائمخانی، غلام مرتضیٰ تبسم، صدر نکاٹی فیصل معیز خان، نائب صدر نعیم حیدر، این کے آئی ڈی ایم سی کے سی ای او صادق محمد، چیئرمین بورڈ فراز مرزا، چیف سی ایم سی اختر اسماعیل، سید طارق رشید کے علاوہ ممبران کثیر تعداد میں شریک تھے۔ غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے اور اس مقصد کے تحت جرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ایک مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے جس کے مثبت نتائج جلد نظر آنا شروع ہوں گے۔ انہوں نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں اپنی مدد آپ کے تحت 750کیمرے نصب کیے جانے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے صنعتکاروں اور ورکررز دونوں کو تحفظ حاصل ہوگا اور 24گھنٹے صنعتی ایریا کی نگرانی کی جاسکے گی۔انہوں نے صدر نکاٹی فیصل معیز خان کی ایک تجویز کے جواب میں کہاکہ چیک باؤنس ہونے اور دیگر مسائل کو باہمی طور پر نمٹانے کے لیے آربیٹریشن ریزولیشن کمیٹی بنانے تاکہ صنعتکار برادری کی باہمی مفاہمت سے تھانے میں چیک باؤنس ودیگر مسائل کا تصفیہ کیا جاسکے۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہاکہ صنعتیں چلتی ہیں تو معیشت کا پہیہ چلتا ہے اور روزگار کے بھی وسیع مواقع پیدا ہوتے ہیں تاہم اسے یقینی بنانے کے لیے صنعتکار برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ پیدواری سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھی جاسکیں اور صنعتوں کو فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کی وجہ صنعتی ایریا میں بڑھتی تجاوزات کے خلاف مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ خمیسو گوٹھ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے بعد جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے تاہم تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی ایک بڑے آپریشن کی ضرورت ہے کیونکہ تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے صنعتی ایریا میں داخل ہونا دشوار ہوگیا ہے جبکہ غیر ملکی خریدار بھی اس صورتحال میں یہاں آنے سے کتراتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نکاٹی کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ون بٹن”کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم“ کا قیام جلد عمل میں لایا جارہا ہے جس سے صرف ایک بٹن دبانے پر خودکار نظام کے لیے فوری مدد فراہم کی جاسکے گی۔این کے آئی ڈی ایم سی کے سی ای او صادق محمد نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں ترقیاتی کاموں میں تعاون پر سندھ حکومت کو خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آج یہ کراچی کاایک ماڈل صنعتی ایریا بن گیا ہے۔ انہوں نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں سے کہاکہ وہ صنعتی ایریا کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور فیکٹری کے باہر کچرا نہ پھنکیں۔ اس ضمن میں این کے آئی ڈی ایم سی نے ایک نجی کمپنی کی خدمات حاصل کی ہیں لہٰذا یہاں کے صنعتکار اپنے کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے ان کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -