ہم نے ہیروز کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے: شوکت یوسف زئی 

ہم نے ہیروز کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے: شوکت یوسف زئی 

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ہمارے شاعر، ادیب، فنکار اور گلوکار ہمارا فخر ہیں، وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر ان کی فلاح و بہبود اور فنکاروں کے مسائل حل کرنیکے لئے جلد اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر اکمل لیونے اور گلوکار سنتوش کو مالی امدادی کے چیک دینے کے دوران کیا۔ گلوکار سنتوش جو کہ گردوں کے مرض میں مبتلا ہے کو پانچ لاکھ اور شاعر اکمل لیونے جو کہ فالج اور دل کے امراض میں مبتلا ہیں کو تین لاکھ کا امدادی چیک دیا گیا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے ثقافتی سرگرمیوں کو بہت بڑا بریک لگ گیا ہے جس کی وجہ سے فنکار برادری مشکلات کا شکار ہے تاہم انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ یہ مشکلات جلد ختم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے فنکار صلاحیت میں کسی سے کم نہیں اس صوبے نے بڑے بڑے نام پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو فن کار اور ادیب مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں ان کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عید الفطر کے بعد مختلف ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فنکار اپنی صلاحیتوں کو منوا سکے انہوں نے کہا کہ صرف ملکی سطح پر ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر خیبر پختونخوا کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ثقافت اللہ تعالی نے خیبرپختونخوا کو نصیب کی ہے وہ کہیں پر نہیں۔ موجودہ حکومت اس ثقافت کو ٹورازم کے فروغ کے لیے استعمال کریگی جس سے مقامی سطح پر نہ صرف روزگار پیدا ہوگا بلکہ معیشت مظبوط ہو سکے گی۔

مزید :

صفحہ اول -