سندھ ہائیکورٹ ، مردم شماری کے نتائج سے متعلق کیس کی سماعت مزید چار ہفتوں کے لئے ملتوی
کراچی (ڈیلی پاکستان آ ن لائن ) سندھ ہائیکورٹ نے مردم شماری کے نتائج اور حلقہ بندیوں سے متعلق کیس کی سماعت مزید چار ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں مردم شماری کے نتائج اور حلقہ بندیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت کی جا نب سے نمائندہ اداراہ شماریات سے استفسار کیا گیاکہ مردم شماری کے حتمی نتائج کا اعلان کب تک کردیا جائے گا؟ جس پر سی سی آئی حکام کا کہناتھا کہ مردم شماری کے نتائج کی منظوری دے دی ہے نوٹیفکیشن جاری ہونے میں 15 دن مزید لگ جائیں گے ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ایک چھوٹا سا معاملہ تھا سی سی آئی فیصلہ نہیں کرسکا،عدالت نے ادارہ شماریات کی عبوری رپورٹ واپس کرتے ہوئے حکم دیا کہ جب حتمی رپورٹ منظور ہوجائے وہی عدالت میں پیش کی جائے۔
جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے کہ مردم شماری کے نتائج سامنے آنے کے بعد بلدیاتی حلقہ بندیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ عدالت نے سماعت کے اختتام پر10 مئی تک مردم شماری کے حتمی نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت مزید چار ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔