شاہ رخ خان نے فلم کا عملہ کورونا کا شکار ہونے پر خود کو قرنطینہ کرلیا

شاہ رخ خان نے فلم کا عملہ کورونا کا شکار ہونے پر خود کو قرنطینہ کرلیا
شاہ رخ خان نے فلم کا عملہ کورونا کا شکار ہونے پر خود کو قرنطینہ کرلیا

  

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’’پٹھان‘‘ کے عملے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کنگ خان قرنطینہ میں چلے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان پچھلے کچھ عرصے سے فلم ’’پٹھان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ تاہم ان کی شوٹنگ کے عملے کے چند لوگوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فلم کی شوٹنگ دو روز کے لیے روک دی گئی ہے اور شاہ رخ خان نے احتیاطی اقدام کے طور پر خود کو آئسو لیٹ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یش راج پروڈکشن اور فلم کے ارکان کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کررہے ہیں۔ فلم کے سیٹ پر بھی عملے کا باقاعدگی کے ساتھ ٹیسٹ کیاجاتا ہے اور فلم کے تمام ممبران ایک ہوٹل میں مقیم ہیں۔ ان لوگوں کو ہوٹل سے سیٹ تک لے جانے والے لوگوں کا بھی ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

تاہم کچھ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی سیلف آئسولیشن (خودساختہ تنہائی) میں جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ فلم کی شوٹنگ جاری ہے۔ ہاں پیر اور منگل کو شوٹنگ سے دو دن کا بریک لیاگیا تھا۔

فلم ’’پٹھان‘‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہیم بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم 2022 میں ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ اداکار عامر خان، رنبیر کپور، منوج باجپائی، سدھانت چترویدی، تاراسوتاریا، عالیہ بھٹ، ستیش کوشک اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

مزید :

تفریح -