شہزادہ فلپ کی آخری رسومات لیکن ان کیلئے کس قسم کے تابوت کا انتخاب کیاگیا؟ مزید تفصیلات سامنے آگئیں

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات لیکن ان کیلئے کس قسم کے تابوت کا انتخاب کیاگیا؟ ...
شہزادہ فلپ کی آخری رسومات لیکن ان کیلئے کس قسم کے تابوت کا انتخاب کیاگیا؟ مزید تفصیلات سامنے آگئیں

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) 99سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات کی تاریخ کا اعلان کیا جا چکا ہے اوراب اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ دی مرر کے مطابق شہزادہ فلپ کو ایک روایتی تابوت میں دفن کیاجائے گا۔ بالکل ویسا ہی تابوت ملکہ الزبتھ دوئم کے لیے بھی بنایا جا چکا ہے۔ اس تابوت میں شہزادہ فلپ کی میت ونڈسر کاسل سے ایک گاڑی میں لیجائی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق یہ گاڑی ’اوپن ٹاپ الیکٹرک لینڈ روور ڈیفینڈر130گن بس‘ (Open-top electric Land Rover Defender 130 Gun Bus) ہے جسے ڈیزائن کرنے میں خود شہزادہ فلپ نے بھی مدد کی تھی۔ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم اور ان کے شوہر شہزادہ فلپ کے لیے یہ تابوت کب بنائے گئے، اس حوالے سے کوئی نہیں جانتا۔ تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں تابوت سالوں پہلے بنائے جا چکے تھے۔اس وقت شاہی خاندان نے تابوتوں کے انتخاب پر کافی سوچ بچار کیا تھا۔ ان کے سامنے تابوتوں کے جو ماڈل رکھے گئے تھے ان میں ایک ایسا مخملیں تابوت بھی شامل تھا جو لکڑی کی بجائے اون سے بنایا گیا تھا۔ 

اس تابوت کی قیمت 900پاﺅنڈ (تقریباً ایک لاکھ 90ہزار روپے)تھی تاہم شاہی خاندان نے روایتی تابوت بنوانے کو ترجیح دی۔یہ مخملیں تابوت اے ڈبلیو ہینزورتھ نامی کمپنی کا تیار کردہ تھا جس نے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ملٹری یونیفارمز تیار کی تھیں جو انہوں نے اپنی شادیوں پر پہنی تھیں۔اس کے علاوہ ایک ایسا تابوت بھی تھا جس میں یہ صلاحیت تھی کہ وہ اپنے اندر نمی نہیں آنے دیتا تھا جس کی وجہ سے میت زیادہ عرصے تک محفوظ رہتی ہے، مگر شاہی خاندان کی طرف سے ان تمام آپشنز کو مسترد کرتے ہوئے ملکہ اور شہزادہ فلپ کے لیے روایتی تابوت تیار کروائے گئے۔شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں صرف 30لوگ شامل ہوں گے اور ان سب کے لیے بھی فیس ماسک پہننا لازمی ہو گا۔شہزادہ ولیم، شہزادہ ہیری اور شاہی خاندان کے دیگر افراد شہزادہ فلپ کا تابوت لیجانے والی ’موڈیفائیڈ‘ لینڈر وور کے پیچھے پیدل چلتے ہوئے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق شہزادہ فلپ کی میت امانتاً رائل والٹ (Royal Vault)میں رکھی جائے گی اور بالآخر انہیں مستقل طور پر ان کی اہلیہ ملکہ الزبتھ دوئم کے پہلو میں ونڈسر کاسل سے ملحق فراگ مور گارڈنز میں میموریل شیپل میں دفن کیا جائے گا۔

مزید :

برطانیہ -