مینار پاکستان کا جلسہ تمام ریکارڈ توڑ دے گا، شفقت محمود
لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کے لئے اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت شفقت محمود نے کی۔ جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں،سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ، سینیٹر اعجاز احمد چودھری، سینیٹرولید اقبال، تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود، جنرل سیکرٹری زبیر خان نیازی،میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، سعدیہ سہیل، ندیم عباس بارا سمیت دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مینار پاکستان کا جلسہ گزشتہ تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑ دے گا اور یہ ثابت کرے گا کہ لاہور تحریک انصاف کا قلعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے، موجودہ سیاسی بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ راجہ یاسر ہمایوں نے لاہور کی تنظیم کو ابتدائی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام عمران خان کی کال کے منتظر ہیں، پشاور، کراچی اور لاہور کے جلسے پاکستان کی سیاست کا رخ موڑ دیں گے۔ سینیٹر اعجاز چوہدری اور سینیٹر ولید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باشعور عوام ملک میں حقیقی جمہوریت اور اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوگئے ہیں، عوام نے عمران خان کے بیانیہ کی تائید اورامپورٹڈحکومت کو مسترد کر دیا ہے۔
شفقت محمود