چاند باغ سکول کیلئے کتابوں کا تحفہ
چودھری سرفراز انور وڑائچ کی جانب سے
چودھری گل نواز وڑائچ مرحوم کی یاد میں
بیرون ملک تیار کردہ 38400کتب انتظامیہ کو پیش کی گئیں
چاند باغ سکول کا شمار ایسے تدریسی اداروں میں ہوتا ہے جو طلبا و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت بھی فراہم کررہے ہیں۔ اسے ایک طرف تو عالمگیر شہرت حاصل ہے اور دوسری جانب ملکی سطح پر ایک منفرد اہمیت اور حیثیت کا حامل بھی ہے۔ یہاں کے فارغ التحصیل طالب علم آج مختلف شعبہ زندگی میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں اور قابل ذکر مناصب پر فائز ہیں۔ چاند باغ سکول کی تدریسی و تربیتی خدمات تو اپنی جگہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اس کا ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے۔ یہاں کی اولڈ یونین کے رہنما بھی اس مادرِ علمی کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے اور خراج تحسین پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سرگودھا کی معروف و ممتاز شخصیت چودھری سرفراز انور وڑائچ نے اپنے مرحوم بھائی چودھری گل نواز وڑائچ کی یاد میں چاند باغ سکول کی لائبریری کو38400کتابوں کا عطیہ تحفتاً پیش کیا۔ اس حوالے سے باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے منتظمین اور اساتذہ کرام سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے سرفراز وڑائچ کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام کتاب دوستی کا بڑا مظہر ہے اور یہ ادارے کی بہت بڑی خدمت بھی ہے۔ واضح رہے کہ گل نواز وڑائچ کو بچپن سے ہی کتاب بینی اور کتابیں اکٹھی کرنے کا بے حد شوق تھا۔ وہ اپنے علاقے سرگودھا میں ایک منفرد لائبریری کے قیام کی دیرینہ خواہش رکھتے تھے لیکن موت نے مہلت نہ دی۔ ان کے بھائی نے جو کتب چاند باغ سکول کو ہدیہ کی ہیں وہ گریڈ ون سے یونیورسٹی لیول کی ہیں،جو بیرون ملک سے طبع شدہ ہیں۔