عمران خان تو چھپکلی سے بھی ڈرتا ہے،تھانے میں بند کیا تو گورا صاحب پریشان ہوجائیگا:آصف زرداری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمیں آصف زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چھپکلی سے ڈر لگتا ہے، جبکہ میں تھانوں میں تین تین ماہ رہا ہوں۔عمران خان صرف 8 گھنٹے کیلئے تھانے گیا، اسے تو چھپکلی سے بھی ڈر لگتا ہے، تھانے کے ماحول میں عمران خان کو ڈال دیا تو یہ گورا صاحب پریشان ہو جائیگا۔گزشتہ شب جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا بچے بڑے ہوں تو مسئلہ ہوتا ہے، پرویز الٰہی مجھ سے سینئر ہیں کسی نے انہیں مس گائیڈ کیا اور وہ دوسرے گروپ میں چلے گئے ہم اب بھی چاہتے ہیں کہ وہ واپس آجائیں کیونکہ پورے پاکستان کو چلانا کسی ایک کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کیلئے خود میں نے نامزد کیا،ہماری سیاسی تربیت یہ ہے کہ ہم باتیں دل پر نہیں لیتے۔محترمہ بینظیر بھٹو میری سیاسی لیڈر تھیں،انہوں نے ہی مجھے سیاست کرنا سکھائی،ماضی میں ہمارے بارے میں کون کیا کیا کہتا رہا یہ اب ماضی کی بات ہے۔انہوں نے کہا ہمیں عمران خان سے نفرت نہیں بلکہ اسکی سوچ سے نفرت ہے،اسکی سوچ نے پورے ملک میں نفرت کو ہوا دی۔ عمران خان نے بہت جھوٹ بولے اور ملک کو معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔اب ہم سب ملکر ملک کو اس بھنور سے نکال سکتے ہیں۔ وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے،جلد ہی اس بارے میں اہم فیصلے ہوں گے۔اتحادیوں نے مجھ پر اعتماد کیا ا و ر سب کو علم ہے میں جو وعدہ کرتا ہوں پورا کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف زرداری نے کہا رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی سے بھائیوں جیسا تعلق ہے انہوں نے دیرینہ تعلقات کی بناء پر ہمارا ساتھ دیا، ہم دوستوں کو آزمائش میں نہیں ڈالتے کبھی انہیں نہیں کہا میری پارٹی میں آجاؤ کیونکہ مجھے ان کے خطے کی سیاست کا پتا ہے۔آصف زرداری نے شہباز شریف سے اپنی خفیہ ملاقات کا بھی انکشاف کیا اور کہا انہیں وزیراعظم بنانے کی پیشکش اسی دوران کی اور انہیں ذہنی طور پر اس کیلئے تیار کیا، انہیں کہا آپ وزیراعظم بن جائیں، میرے پاس 70 ووٹ ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان بال ٹیمپرنگ کے بغیر سیاست میں کامیاب نہیں ہوسکتے،پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہیے اسمبلی میں واپس آجائیں، آج سوشل میڈیا بہت خطرناک ہوگیا ہے، دو تہائی اکثریت آج کے پاکستان میں بہت مشکل ہے، مینگل، مگسی کو کوئی خرید سکتا ہے؟ میرے تعلقات کام آئے۔ اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کیساتھ معاہدے ہوئے ہیں، میں نے سب کو متحد کیا ان کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کا ضامن ہوں، اتحاد میں ہم دینے والے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دیا۔ بلاول پوری سی ای سی کو ساتھ لے کر چلتے ہیں پھر پالیسی بناتے ہیں، بلاول وزیر خارجہ بنتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ سی ای سی کریگی۔
آصف زرداری