ڈیرہ،امیر مقام کی ہدایت پر شہباز شریف کے حق میں ریلی کا انعقاد
ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخواانجینئر امیر مقام کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ ن ڈیرہ اسماعیل خان نے میاں محمد شہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر ایک ریلی کا انعقاد کیاگیا جسکی قیادت صوبائی سینئر نائب صدر کے پی کے راجہ اختر علی، چوہدری ریاض ایڈووکیٹ، حشمت الرحمن ایڈووکیٹ،رضوان خان گنڈہ پور ایڈووکیٹ، زاہد راجپوت، رضوان سعید، حاجی اللہ نواز، جمال راجپوت، مبین،حاجی عباس، سوشل میڈیا ہیڈ اقبال حیدر کررہے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اختر علی، چوہدری ریاض ایڈووکیٹ، رضوان خان گنڈہ، پور حشمت الرحمن ایڈووکیٹ نے کہا کہ غریبوں کی بددعاں کی بدولت عمرانی ٹولے کا دھڑن تختہ ہوا اب ملک میں عوامی راج ہوگا۔میاں محمد شہباز شریف نے حلف اٹھا تے ہی غریبوں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کر کے 22کروڑ عوام کے دل جیت لیے ہیں۔اسوقت ڈیرہ اسماعیل خان میں جو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے،واپڈاافسران اس کو ختم کر دیں، ہماری حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئی ہے۔جن لوگوں نے قومی خزانے کو باپ کی جاگیر سمجھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا اب انکا یوم حساب قریب ہے۔جعلی خط کا سہارا لیکر آئین اور قانون کا انحراف کرنے والے سزا کے لیے تیار ہو جائیں، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔آخری گیند تک کھیلنے والے کپتان نے میدان سے بھاگ کر ثابت کیا کہ تمہارے اندر سیاسی بصیرت نہیں۔اب ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہو گی، تمام محب وطن سیاسی جماعتیں ملک کے بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔چوہدری ریاض ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عمران خان اب اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔اس موقع پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور شرکا کی جانب سے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔