انگلش بسکٹ مینوفیکچررزکا حبیب میٹرو کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی ممتاز ایف ایم سی جی کمپنی انگلش بسکٹ مینوفیکچررز نے حبیب میٹرو کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد،نسبتاً سادہ اور باکفایت ری پیمنٹ پلان کے ذریعے،ملازمین کو اپنے ذاتی گھر کا خواب حقیقت بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔حبیب میٹرو بینک لمٹیڈحبیب بینک اے جی زیورخ کا ذیلی ادارہ ہے۔اس معاہدے کے حوالے سے ایک تقریب ای بی ایم کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس میں ای بی ایم کے ڈائریکٹر، کمرشل اینڈ ایچ آر، زاہد اقبال، جنرل منیجر فنانس، آئی ٹی اینڈ لیگل افیئرز، کاشف اعجاز شیخ جبکہ حبیب میٹروپولیٹن بینک لمٹیڈ کے گروپ ایگزیکٹو،کارپوریٹ اینڈ ٹرانزیکشن بینکنگ، خرم شہزاد خان نے معاہدے پردستخط کیے۔معاہدے کے مطابق، معروف فنانس بینک، حبیب میٹرو، وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشترکہ اسکیم،’میرا پاکستان، میرا گھر‘ کے تحت ای بی ایم کے ملازمین کو کم لاگت والے مکانات کے لیے فنڈز فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ، ای بی ایم فیملی، حبیب میٹرو کے ذریعے،خصوصی شرائط وضوابط پر،پاکستان بھر میں، ہاوس فنانسنگ مارگیج کی سہولت بھی رعایتی شرح پر حاصل کر سکے گی۔اس بارے میں ای بی ایم کے نمائندے نے کہا:”یہ شراکت بنیادی طور پر ملازمین کے فائدے کے لیے ہے۔ ایک ایسے ادارے کی حیثیت سے جہاں ملازمین کو اوّلیت دی جاتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام ملازمین کو ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد دے گا۔“