کے الیکٹرک نے نظام کی بہتری کیلئے 100 ملین ڈالر ز حاصل کرلیے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف 11 (ایس ڈی جی 11) کے تحت پائیدار شہر اور کمیونٹیز بنانے کے لیے پُرعزم کے الیکٹرک (کے ای) نے 6600 مربع کلومیٹر پر پھیلے اپنے آپریشنل علاقے میں ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام کو ترقی دینے کے لیے ڈچ ڈیولپمنٹ بینک ایف ایم او سے 100 ملین امریکی ڈالرز کی مالی اعانت حاصل کرلی ہے۔ یہ فنڈز صارفین کو محفوظ، بلاتعطل اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی فراہم کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔کے الیکٹرک اور فنانسنگ پارٹنرز ایف ایم او اور پروپارکو کے درمیان دستخط کی تقریب منگل کو ہیگ، نیدرلینڈز میں ایف ایم او کی فیوچر آف انرجی کانفرنس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کے ای کے ہیڈ آف ٹریژری اینڈ کارپوریٹ فنانس محمد فرخ، پروپارکو میں پاور اینڈ انفراسٹرکچر ڈویژن کے سربراہ Ariane Ducreuxاورایف ایم او کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر Huib-Jan de Ruijter کے ساتھ دونوں اداروں کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔یوٹیلیٹی اس فنڈز کے ذریعے اپنے آپریشنل علاقوں میں موجود غیرمحفوظ علاقے تک انفرا اسٹرکچر کو پھیلانا چاہتی ہے جس سے اس کے صارفین کی تعداد 3.2 ملین تک بڑھنے کی توقع ہے۔ کے ای کے اس سرمایہ کاری منصوبے میں حفاظت اہم ترجیح ہے۔ تقریباً 12,000 پی ایم ٹیز پر مشتمل کے ای کے زیادہ نقصان والے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کو پہلے ہی ایریل بنڈلڈ کیبلز (اے بی سی) میں تبدیل کردیا گیا ہے جو کہ حفاظت کے ساتھ بجلی فراہم کرتے ہیں۔ 100 ملین امریکی ڈالر کی فنانسنگ بقیہ نیٹ ورک کو بھی اے بی سی میں تبدیل کرنے کی کمپنی کی کوششوں کو تیز کرے گی، جس سے غیرقانونی کنڈوں کے خطرات کم ہوجائیں، جو ماحول کو غیر محفوظ بناتے ہیں۔یہ فنڈز کے ای کو اپنے نیٹ ورک کی صلاحیت کو بڑھا نے کے قابل بنائے گا، جس سے وہ کراچی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی حاصل کرسکے گی۔ مزید برآں کے ای بلوچستان کے لائسنس یافتہ دوردراز علاقوں میں بھی اپنے ترسیل و تقسیم نظام کو بحال اور ترقی دینا چاہتی ہے۔شہری علاقوں میں بجلی کی طلب یکساں نہیں بڑھتی، جس کی وجہ سے پاور کمپنیوں کو مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے انفرا اسٹرکچر پر مسلسل سرمایہ کاری کرنی پڑتی ہے۔ اس سرمایہ کاری کا کچھ حصہ کے ای کے 71 گرڈز کے نیٹ ورک کے لیے وقف کیا جائے گا اور ان کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔