کراچی:گوگل گیمنگ انڈسٹری کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گوگل نے آج تین نئے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ان تین نئے اقدامات میں سب سے پہلا اقدام ،پاکستان میں گیمنگ گروتھ لیب (جی جی ایل)کے دوسرے مرحلے کا آغازہے، جس میں 57منتخب کمپنیوں کے شرکاء کو گوگل کے ماہرین کی طرف سے 1:1 کی بنیاد پر سپورٹ اور رہنمائی ملے گی تاکہ وہ پہلے مرحلے سے حاصل ہونے والے سبق کی بنیاد پر فیزII پر کام کر سکیں اور اپنے کاروبار کو نئی سطح پر لے جا سکیں۔ دوسرے اقدام کے طور پرگوگل، جون 2022میں پاکستان کے افتتاحی ’تھنک گیمز پاکستان‘کے نام سے ایک ایونٹ کی میزبانی کرے گا اور ساتھ ہی ’گوگل فار گیمز‘ کے عنوان سے پاکستان میں نیوزلیٹر کا پہلا ایڈیشن جاری کرے گا اوریہ اس سلسلے کا تیسرا اقدام ہوگا۔یکم مارچ، 2022کومتعارف ہونے والا گیمنگ گروتھ لیب (جی جی ایل) گوگل کا ایک ایکسلریٹر پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستان کی بہترین اور آئندہ قائم ہونے والی گیمنگ کمپنیوں کو پروان چڑھانا ہے۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ،پانچ ہفتوں کے تعلیمی پروگرام پر مشتمل تھا جس میں 57 منتخب کردہ کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے 250سے افراد نے شرکت کی تھی۔اب،اپنے دوسرے مرحلے میں، جی جی ایل اُن 57 کمپنیوں کو سپورٹ پروگرام میں شرکت کی دعوت دے گا جس میں کاروباری دشواریوں پر قابو پانے اور اپنی پیشکشوں کو وسعت دینے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔اس مرحلے کا دورانیہ آٹھ ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔منتخب کردہ شرکاء کوچنگ سیشنز میں بھی شرکت کریں گے جن میں گوگل پلے، گوگل کلاؤڈ جیسے موضوعات پر گوگل کے ماہرین تربیت دیں گے اور ُاسی کے ساتھ پیمائش اور ایکسپورٹ کے طریقے بھی سکھائے جائیں گے۔ اس طرح وہ گیم کی تخلیق اور ترقی کے بارے میں مزید سیکھیں گے۔اس بارے میں گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا، فرحان قریشی نے کہا:”ہمارا مقصد پاکستان کو عالمی سطح پر گیمنگ پاورہاؤس بنانا اور پاکستان کی گیمنگ انڈسٹری کو عالمی نقشے پر نمایاں کرنا ہے۔ ہم خواہ گیمنگ ڈیویلپرز کی با ت کر رہے ہوں، جو گیم تخلیق کرنا چاہتے ہیں، اُنھیں ترقی دینا چاہتے ہیں یا اُن سے مالی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں،گوگل اُن تمام کو، اُن کی ترقی کے سفر پر، معاونت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔میں گیمنگ گروتھ لیب کی پیش رفت پر بہت خوش اور پرجوش ہوں۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے،پاکستان میں ہماری گیمنگ کمیونٹی کو ترقی دینے اور ملک میں ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔“