کراچی وسطی میں ڈومیسائل،پی آرسی اجرا کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع

کراچی وسطی میں ڈومیسائل،پی آرسی اجرا کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی)کا اجرا کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، ون ونڈو آپریشن کے تحت اہل شہری ایک ہی روز میں دونوں دستاویزات حاصل کرسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کی نگرانی میں منصوبہ آپٹک آئی ٹی سیلوشن نامی کمپنی نے مکمل کیا ہے، جس کا افتتاح چند ہفتے قبل ہوا اور اب یہ منصوبہ کامیابی سے جاری ہے جس کے نتیجے میں ڈی سی سینٹرل آفس سے ڈومیسائل ایجنٹ مافیا کا یکسر خاتمہ ہوگیا ہے۔آپریشن کے انچارج سید مدثر زیدی کے مطابق اب ڈومیسائل یا پی آر سی کے حصول کے خواہشمند شہری ڈپٹی کمشنر سینٹرل آفس میں واقع ڈومیسائل رجسٹریشن آفس جائیں جہاں سے امیدوار کو ڈومیسائل کے لیے مطلوبہ دستاویزات کی فہرست مل جائے گی یا امیدوار آنے سے پہلے ویب سائٹ ڈومیسائل ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے (http://domicile.com.pk) پر جا کر مطلوبہ دستاویزات کی فہرست حاصل کرسکے گا۔اس کے بعد تمام دستاویزات اپنے ساتھ یقینی بنا کر امیدوار جونہی ڈومیسائل کے حصول کیلئے ڈپٹی کمشنر سینٹر آفس پہنچے گا تو وہ ون ونڈو آپریشن سے ڈومیسائل اپلائی کرے گا اور اسی دن امیدوار کو ڈومیسائل مل جائے گا۔امیدوار کا کراچی کے ضلع وسطی کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے، شناختی کارڈ پر مستقل پتہ اور عارضی پتہ بھی اسی ضلع کا ہونا لازمی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ضلع وسطی پہلا ڈسٹرکٹ ہے جہاں کمپیوٹرائز ڈومیسائل کا اجرا کیا گیا ہے، اس سے قبل سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور کے شہری اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔