کراچی،بڑی عمر کے آدمی سے شادی کرنے سے انکار پر لڑکی قتل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بڑی عمر کے آدمی سے شادی کرنے کے انکار پر باپ نے بیٹے کے ساتھ مل کر بیٹی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے معمار میں درندگی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بڑی عمر کے آدمی سے شادی کرنے سے انکار پر باپ نے بیٹے سے مل کر بیٹی کو قتل کیا اور واقعے کو خودکشی قرار دے کر مقتولہ لاش دفن کردی۔ایس ایچ او گلشن معمار سرور کمانڈو کے مطابق پولیس کو علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی کہ ایک لڑکی مدینہ بنت شامیر کو اس کے باپ اور بھائی بہاوالدین نے اس بات پر قتل کیا کہ لڑکی نے عمر رسیدہ شخص سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا اور وہ کسی اور سے محبت کرتی تھی، جس پر اس کے باپ اور بھائی نے مدینہ شامیر کو متعدد بار سمجھایا مگر اس نے عمر رسید شخص سے شادی سے انکار کرتی رہی اس کے باوجود باپ بیٹے نے اس کی منگنی بھی کردی تھی جس پر لڑکی نے احتجاج بھی کیا تو باپ بیٹے نے 4 دن قبل اسے گلہ گھونٹ کر قتل کردیا لاش پنکھے سے لٹکا دی۔ایس ایس پی ویسٹ فرخ رضا کے مطابق معمار پولیس نے قتل میں ملوث ازبکستانی باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے، دونوں ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ مقتولہ مدینہ کسی اور کو پسند کرتی تھی، ہم نے اس کی کہیں اور منگی کردی تھی، لیکن وہ نہ مانی جس پر اس کی تلخ کلامی ہوئی اور بھائی نے بہن پر تشدد کیا اور اس کے ہی ڈوپٹے سے گلہ دبایا اور پھر واقعہ کو خودکشی کا رنگ دے دیا۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ لڑکی کے اہل خانہ نے اہل محلہ کو بتایا کہ لڑکی پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی اس لئے خودکشی کی۔ ملزم باپ شاہ میر اور بیٹا بہاالدین نے افغان بستی کے قبرستان میں مقتولہ کو دفن کردیا۔