حکومت خوشحال اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے: محمود خان
پشاور (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت سینٹر آف ایکسلینس (Centre of Excellence on Countering Violent Extremism)کے بورڈ آف گورنرز کا پہلا اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کے علاوہ ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ اسد، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، چیف کوآرڈنیشن آفیسر برائے سنٹر آف ایکسلینس اور دیگر بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو" سنٹر آف ایکسلینس برائے کاونٹرنگ وائیلنٹ ایکسٹریم ازم" کے قیام کے اغراض و مقاصد، سنٹر کے مجوزہ فنکشنز، آرگنوگرام، تخمینہ بجٹ، اختیارات اور دیگر اہم پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ سنٹر صوبے میں پر تشدد سرگرمیوں، تخریبی رویوں، نفرت اور انتہاء پسندی کی روک تھام کیلئے ایک تحقیقی ادارے کے طور پر کام کرے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ سنٹر کا قیام نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیاء بھر میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اقدام ہو گا۔ یہ ایک ریسرچ بیسڈ سنٹر ہو گا جس کا مقصد دہشت گردی، شدت پسندی، بنیاد پرستی اور پر تشدد رویوں سے پیدا ہونے والے مسائل کا خاتمہ کرکے دہشت اور تشدد سے پاک ایک پرامن معاشرے کی تشکیل ہے۔ اجلاس میں مذکورہ سنٹر کے قیام کی ضرورت و اہمیت اور اس کے مجوزہ فنکشنز سے اتفاق کرتے ہوئے سنٹر کو جلد فعال بنانے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بورڈ کے تحت فنانس کمیٹی اور ہیومن ریسورس کمیٹی جلد تشکیل دی جائے تاکہ سنٹر کیلئے بجٹ، آرگنو گرام اور دیگر اہم اُمورکو بلاتاخیر حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ بورڈ آف گورنرز کا دوسرا اجلاس جلد منعقد ہو گا جس میں باضابطہ طور پر سنٹر کیلئے تخمینہ بجٹ برائے مالی سال 2021-22، سنٹر کے آرگنوگرام اور مجوزہ فنکشنز وغیرہ کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق ایک خوشحال اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مجوزہ سنٹر آف ایکسلنس کا قیام بھی انہی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ جدید تحقیق کی بنیاد پر قائم ہونے والا یہ سنٹر صوبے میں شدت پسندی، تخریبی اور پرتشدد سرگرمیوں اوررویوں کے خاتمے اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔
محمود خان