شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی پیشکش کر ڈالی ،نجی ٹی وی کا دعویٰ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )سے سپیکر کی نشست پر تعاون مانگتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کی نشست دینے کی پیش کش کردی۔
نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز "کے مطابق وزیر اعظم ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے لیے مرکز بہادرآباد پہنچے تو ایم کیو ایم قیادت نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کےلیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے کراچی سرکلر ریلوے اور کے4 جیسے اہم ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر زور دیا اور کراچی میں ایک نئی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے تمام اتحادی جماعتوں کے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کو سراہا۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئیر ڈپٹی کنوینر عامر خان، سید امین الحق، ڈاکٹر فروغ نسیم اور کنور نوید جمیل کے علاوہ اراکینِ قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، احسن اقبال اور دیگر نے شرکت کی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی بیٹھک میں موجود تھے۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کنوینئر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کی ملاقات میں کچھ طے نہیں ہونا تھا کیونکہ تمام باتیں اور معاملات پہلے ہی طے ہوچکے ہیں، وزیراعظم شکریہ ادا کرنے آئے تھے آج کا دورہ خیر سگالی کا دورہ تھا، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں طویل گفتگو ہوئی ہے اس پر اب عمل درآمد ہونا ہے۔ قیام پاکستان سے اب استحکام پاکستان کا سفر طے کرنا ہے،امید ہے کہ اب کراچی اور شہری سندھ کے ساتھ زیادتیوں کا ازالہ ہوگا۔
ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ آج کی ملاقات جذبہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت تھی، فی الحال ہماری پوری توجہ معاہدے پر عمل درآمد کروانے پر ہے،نواز شریف کے دور سے جو پراجیکٹس ہیں، وہ جاری رہیں گے، مزید پراجیکٹس بھی شروع کئے جائیں گے،جب معاہدے پر عمل درآمد ہوگا تو وزراتوں کو مشاورت سے طے کریں گے،وزارت اور گورنر شپ ترجیحات میں نہیں ہے ہم سے کئے معاہدوں پر عمل درآمد کیا جائے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے معاملے پر بات چیت کی اور ایم کیو ایم کو ڈپٹی سپیکر کے عہدے کی پیشکش کی کہ ان کے لئے ایک سیٹ حاضر ہے۔ ملاقات میں کہا گیا کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق اور صوبے کو ملکر چلنا ہوگا، وزیراعظم سندھ اور خصوصاً کراچی کی ترقی کے لیے ایم کیو ایم کو ہر مشاورتی عمل میں شامل رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امید ہے سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب میں بھی ایم کیو ایم کا تعاون جاری رہے گا۔