لاہور ہائیکورٹ کا اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق نہ دینے پر وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ کو طلب کرنے کا عندیہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق نہ دینے پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو طلب کرنے کا عندیہ دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اتنا اہم نوعیت کا معاملہ ہے مگر کوئی سنجیدگی ہی نہیں ، کیوں نہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو طلب کرلیا جائے ۔
دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ریمارکس دیے کہ اوور سیز پاکستانی سالانہ ملین ڈالرز بھیجتے ہیں ، ان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، اب اگر حکم عدولی ہوئی تو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو طلب کریں گے ۔
سرکاری وکیل کی جانب سے دلائل کیلئے مزید مہلت مانگنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا۔