حساس ادارے کے افسر پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ، خواجہ سلمان رفیق سوشل میڈیا پرلگنے والے الزامات کے خلاف خود میدان میں آ گئے ، موقف جاری کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے اپنے گارڈز کے ساتھ مل کر حساس ادارے کے افسر کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے تاہم اب اس معاملے پر لیگی رہنما خودمیدان میں آ گئے ہیں او رتردید کرتے ہوئے کہاہے کہ میں گارڈز کے بغیر سفرکرتاہوں ۔یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے فیروز پور روڈ پر پیش آیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سلمان رفیق نے سوشل میڈیا پر حساس ادارے کے افسر پر تشدد کرنے کا سنگین الزام لگائے جانے پر سختی سے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ”سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی ٹرولزکی جانب سے اور ان کے حامی چینل پر ایک حساس ادارے کے افسر پر میری موجودگی میں میرے گارڈز کے ہاتھوں تشددکے حوالے سے پھیلایا جانیوالا مواد بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی ہے، میں گارڈز کے بغیر سفر کرتاہوں ، میرا ایسے کسی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی ٹرولزکیجانب سےاور انکے حامی چینل پر ایک حساس ادارے کے افسر پر میری موجودگی میں میرے گارڈز کے ہاتھوں تشددکے حوالے سے پھیلایا جانیوالا مواد بے بنیاد جھوٹ اور لغو ھے-
— Khawaja Salman Rafique (@SalmanRafiquePK) April 13, 2022
واضح رھے کہ میں بغیر گارڈز کے سفر کرتاھوں - میراایسے کسی واقعہ سے کوٸ تعلق نہ ہے-
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح دیکھا جا سکتاہے کہ ایک سفید رنگ کی لینڈ کروزر میں بیٹھے افراد وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایسا اس وقت ہوا جب حساس ادارے کے افسر پر تشدد کرنے والے گارڈز کو روکنے کیلئے سڑک پر سفر کرنے والے عام شہریوں نے مداخلت شروع کی، لوگوں کی مداخلت کو دیکھتے ہوئے ان لوگوں نے وہاں سے فرار ہونے میں ہی عافیت جانی ۔شہریوں نے ریسکیو اہلکاروں کو اطلاع کی جس پر موقع پر ایمبولینس پہنچی اور حساس ادارے کے افسر کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، بتایا جارہاہے کہ تشدد کے باعث انہیں کافی زخم آئے ہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ۔