نائیجیریا کے سفارتخانے میں کام کرنے والے مقامی ملازم کے خلاف خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں نائیجیریا کے سفارتخانے میں کام کرنے والے مقامی ملازم کے خلاف خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق ملزم کے خلاف ایک ماہ قبل رتا امرل راولپنڈی پولیس سٹیشن میں یہ ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ تاہم ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کامران علی خان نامی ملزم نائیجیریا کے سفارتخانے میں بطور ڈرائیور ملازمت کرتا ہے۔ اس کے خلاف جڑواں شہروں میں کئی خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ مذکورہ ایف آئی آر نازیہ اسحاق نامی خاتون کی طرف سے درج کرائی گئی ہے۔
نازیہ نے بتایا ہے کہ ملزم اس سے فون پر رابطہ کرکے سفارتخانے میں ملازمت دلانے کی پیشکش کرتا تھا۔ اس نے نازیہ سے اس کی ذاتی معلومات اور تصاویر وغیرہ بھی مانگیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم سفارتخانے میں اپنے باس کو خوش کرنے کے لیے لڑکیوں کو ورغلاتا تھا اور اس سے پہلے بھی کئی لڑکیوں کو ہراساں کر چکا تھا۔ وہ لڑکیوں کو دفتری اوقات کے بعد یا ہفتہ وار چھٹیوں میں سفارتخانے آنے کو کہا کرتا تھا۔