چور چوری کے بعد مسروقہ سامان لے کر ایسی جگہ پہنچ گیا کہ ہنسی نہ رکے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک چور نے شراب خریدنے کے لیے ایک گھر میں چوری کی واردات کر ڈالی اور ایسے دھڑلے سے کی، کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے لگے ہاتھ دھر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ برطانوی کاؤنٹی کینٹ میں واقع شہر رائل ٹن برج ویلز میں پیش آیا ہے جہاں سکاٹ پارکر نامی چور نے واردات کے دوران منہ ڈھانپنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ وہ سائیکل پر سوار ہو کر ایک گھر کے سامنے گیا اور سائیکل باہر کھڑی کرکے بیرونی دروازے کو لات مار کر کھولا اور اس بے دھڑک انداز میں اندر گھس گیا جیسے اس کا اپنا گھر ہو۔
رپورٹ کے مطابق 46سالہ سکاٹ پارکرنے گھر میں ایک ٹی وی کو توڑ ڈالا اور رقم جمع کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک ڈبہ اور ایک موبائل فون اٹھا کر واپس باہر نکلا اور سائیکل پر بیٹھ کر سیدھا شراب خانے پہنچ گیا۔ واردات کے وقت گھر کے مالکان گھر میں موجود نہیں تھے۔ واپس آنے کے بعد جب انہیں واردات کا احساس ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
مالکان نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس ڈبے میں 250پاؤنڈ کی رقم تھی۔ پولیس نے آس پاس کے گھروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس میں پارکر کی واضح شناخت ہو گئی اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے پارکر کو میڈسٹون کراؤن کورٹ میں پیش کیا جہاں اس کا جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز اسے ایک سال اور دو ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔