حکمران عوام کو عمران خان سے دور کرنا چاہتے ہیں،اعجا ز چوہدری
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینٹر اعجاز چوہدری نے اکمل خان باری باو اکر ام مہر کے ہمراہ پریس کلب کے باہر پارٹی کے رہنما علی امین گنڈا پور کی گرفتاری اور افتخار گھمن کے اغوا کے خلاف مظاہرے کے شرکاء اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک نصاف کے کارکن افتخار گھمن کو ایف آئی اے نے حراست میں لیا ہے۔ اسطرح علی امین گنڈاپور جن کی ضمانتیں ہو چکی ہیں انہیں مختلف عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف پر 144 مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ہزاروں کارکنوں پر مقدمات درج ہو چکے اور سینکڑوں کارکن اب بھی جیلوں میں ہیں۔ یہ تمام حرکتیں عوام کو عمران خان سے دور کرنے کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا تمام فسطائیت کے باوجود لوگوں کی عمران خان سے محبت بڑھ رہی ہے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما اکمل خان باری نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہی اس ملک کو یکجا کرسکتا ہے۔ سپریم کورٹ 90 روز میں انتخابات کا کہہ چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو ایک جملے پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے تو وفاقی حکومت پر توہین عدالت کیوں نہیں لگ سکتی۔ اس حکومت کی نہ کوئی قانونی حیثیت ہے اور ہی آئینی حیثیت ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ایکسائز کا وہ نوٹس جو عمران خان کی والدہ مرحومہ کے نام پر جاری کیا گیا اس سے زیادہ ظلم نہیں ہو سکتا۔ پنجاب کی نگران حکومت 22 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ اکمل خان نے کہا کہ 22 اپریل کے بعد نگران حکومت کے خلاف عدالت میں جا رہے ہیں۔
جب تک عدالت عظمی نگران حکومت کو جاری رکھنے کا کوئی جواز فراہم یہ غیر آئینی حکومت ہو گء۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی