184 سب انسپکٹرز کی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کی منظوری دیدی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کے اجلاس باقاعدگی سے جاری، 184 سب انسپکٹرز کی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی گئی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹرز سے انسپکٹر رینک ترقی کے نوٹیفیکیشن پر دستخط کر دیئے، فورس کے نام خصوصی پیغام بھی جاری کر دیا آئی جی پنجاب کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ جمعہ سے پروموشن بورڈ کا اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا اور اگلے ہفتے میں 506 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدے پر ترقی دی جائے گی،15 اپریل سے صوبے کی تمام رینجز میں ترقیوں کا سلسلہ شروع ہوگا جس میں 460 سے زیادہ سب انسپکٹرز بنائے جائیں گے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ 500 سے زیادہ اے ایس آئیز اور 900 سے زیادہ ہیڈ کانسٹیبل بناتے ہوئے مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد ترقیاں دی جائیں گی 1ہزار سے زائد خالی ہونے والی کانسٹیبلز کی آسامیوں پر دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے گا۔
باقی بچ جانے والی سیٹوں پر میرٹ کے مطابق قابل نوجوانوں کو بھرتی کرکے پولیس فورس کا حصہ بنایا جائے گا جن ملازمین کی ترقیاں اے سی آرز یا کسی دیگر دستاویزات کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی وہ فورا سنٹرل پولیس آفس رابطہ کریں۔
ان تمام ترقیوں کا مقصد کسی کا انفرادی فائدہ نہیں بلکہ پوری فورس کے مورال کو بلند کرنا ہے، ان ترقیوں کے جواب میں محکمہ افسران و اہلکاروں سے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کا وعدہ چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مظلوموں کو ظالموں سے بچانے اور شہریوں کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا جائے، پنجاب کانسٹیبلری میں زبردستی فوری طور پر بھیجنے کی شرط بھی ختم کی جارہی ہے، نئے ولولے اور جوش کے ساتھ شہریوں کو انصاف کی با آسانی فراہمی کو یقینی بنائیں۔