سپریم کورٹ کو مائنس کر کے کوئی حکومت اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی: پرویز الٰہی 

سپریم کورٹ کو مائنس کر کے کوئی حکومت اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی: پرویز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بغیر وارنٹ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ان فسطائی ہتھکنڈوں سے ہم ڈرنے والے نہیں، صرف عمران خان کا ساتھ دینے پر یہ غیر قانونی حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ گجرات میں چودھری پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس  ایک بار پھر محاصرہ کرکے آدھے گھنٹے تک کنجاہ ہاؤس کے باہر موجود رہی،پولیس کی 20 سے زائد گاڑیوں نے کنجاہ ہاؤس کے مین گیٹ اور عقبی گیٹ پر ناکہ لگائے رکھا۔دوسری جانب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین سے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے سابق صدر عمر ڈار، ذوالفقار گھمن اور آصف چٹھہ ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کابینہ نے ہٹ دھرمی اختیار کر رکھی ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہیں مانتے، سپریم کورٹ کے آٹھ رکنی بنچ میں تمام قابل جج موجود ہیں، عدالتی بل کے خلاف سماعت سے قبل ہی شہباز کابینہ کا بینچ کو مسترد کر دینا غیر جمہوری و غیر آئینی عمل ہے، پاکستان کی تمام وکلاء  بار کونسلز اور عوام سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، سپریم کورٹ کے بغیر حکومت اور ریاست کا کوئی تصور نہیں، سپریم کورٹ کو مائنس کر کے کوئی حکومت اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی، سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد ہر صورت میں ہونا ہے، حکومت کو غلط فہمی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پرعملدرآمد روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن عوام کا بنیادی حق اور جمہوریت کی روح ہے، آئین اور قانون میں الیکشن فنڈز روکنے کا کوئی تصور موجود نہیں، قومی خزانے میں پیسہ عوام کا ہے شہبازشریف الیکشن فنڈز روکنے والے کون ہوتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ نے اسحاق ڈار کے جھوٹے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے، آئی ایم ایف نے حالات مزید خراب ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے، پاکستان میں مزید مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافے کا پہلے ہی بتا دیا ہے۔
 پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ اول -