مردم شماری پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دینگے،مصطفی کمال 

مردم شماری پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دینگے،مصطفی کمال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئررہنما مصطفی کمال نے کہاہے کہ ہم کوشش کر رہے تھے کہ مردم شماری پر سیاست نہ ہو، مگر پاکستان میں سیاسی جماعتیں سیاست کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہاکہ مردم شماری ایک اہم مسئلہ ہے ہم اس اہم مسئلہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے، ایم کیو ایم ہی واحد جماعت ہے جو مسائل کے حل کی جینوئن آواز  ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی آبادی 1 کروڑ 43 لاکھ سے زائد دکھا رہے ہیں، پچھلی مردم شماری میں آبادی 1 کروڑ 60 لاکھ بتائی گئی تھی یعنی باقی رہ جانے والی مردم شماری میں 2، 3 لاکھ اور بڑھ جائیں گے۔سید مصطفی کمال نے کہاکہ ایسا معلوم ہوتا ہے یہ تو 2017 کی مردم شماری سے بھی کم اعداد و شمار دکھائے جارہے ہیں اس وقت بھی ایم کیو ایم واحد جماعت تھی جس نے 2017 کی مردم شماری کے اعدادوشمار کو مسترد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2017 میں 18 سال بعد مردم شماری ہوئی تھی، یہ مردم شماری 5 سال کے بعد ہورہی ہے، ہماری جدوجہد کی وجہ سے مردم شماری 5 سال قبل کی جارہی ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہاکہ ہم نے ادارہ شماریات کی سپورٹ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، ایم کیو ایم اور اسکا ایک ایک کارکن پچھلے کئی ماہ سے عوام میں آگاہی مہم چلارہے ہیں ہم نے اپنے تمام دوسرے تنظیمی کام چھوڑ کر اسی کام میں لگ گئے، ہمارے علاوہ کسی اور جماعت نے اس پر کوئی ایک کام نہیں کیا۔مصطفی کمال نے بتایا کہ 9 فروری کو ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری کے حوالے سے آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا، 11 اپریل کو ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم صاحب سے ملاقات کی 12 اپریل کو ایم کیو ایم کے وفد کی گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ سے پھر ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ساری تفصیل بتانے کا  مقصد سیاسی جماعتوں کی منافقت سے آگاہ کرنا ہے، یہ تمام سیاسی جماعتیں گزشتہ 3 ماہ سے کہاں غائب تھیں۔