مختلف امراض کی بروقت تشخیص، پرائمری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کو فعال کرنا چاہیئے: حاجی غلام علی
پشاور(سٹا ف رپورٹر)گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ حکومت نے صوبے کے ہرضلع میں بی ایچ یوز بنائے ہیں لیکن کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو فائدہ نہیں پہنچ رہا،محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ ذمہ داران کو چاہئیے کہ پرائمری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کو عوام کی خدمت کیلئے فعال بنائے کیونکہ کسی بھی مرض کی تشخیص کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر نظام انتہائی اہمیت اورتوجہ کا حامل ہے۔انہوں نے یہ بات ذیابیطس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے نمائندہ وفدنے گورنرہاوس میں ملاقات کے دوران کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرطفیل محمد، ایگزیکٹیو ممبر پروفیسر مصطفی اقبال، ایازمجاہد، عبدالسلام عارف، اصغرعارف، محمدعدیل اورڈاکٹر وصال شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو ایسوسی ایشن کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ صوبہ بھر میں 25 لاکھ کے قریب انسان شوگرکاشکارہے اور ذیابیطس مرض بڑھنے سے مریضوں کی تعداد بھی دن بدن زیادہ ہورہی ہے۔ وفد نے بتایاکہ ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبہ بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کا مفت علاج کیاجاتاہے۔ ایسوسی ایشن اپنے وسائل مخیر حضرات کی جانب سے زکواۃ، خیرات، عطیات کی شکل میں فنڈزپیداکرتے ہیں۔ وفد نے گورنر کو ذیابیطس سمیت دیگر امراض پرقابو پانے کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ زیادہ تربیماریوں کی وقت پر تشخیص صوبہ بھر میں پرائمری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔وفد نے گورنر کو حکومت کی جانب سے ذیابیطس مریضوں کیلئے فری انسولین کی سہولت دوبارہ شروع کرنے کی بھی درخواست کی اورکہاکہ حکومت کی جانب سے ذیابیطس مریضوں کیلئے فری انسولین فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیاگیاتھا جوکہ ایک دوسال سے زیادہ نہیں چل سکا،لہذاذیابیطس مریضوں کے دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے فری انسولین کی فراہمی دوبارہ شروع کی جائے۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ درددل اورمخلص افراد دونوں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں اور جس انسان میں یہ دونوں خاصیتیں ہو، وہ انسانیت کی خدمت اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ بلاشبہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت شوگرکے مریضوں کیلئے ذیابیطس ایسوسی ایشن کی خدمات قابل تحسین ہیں اوردکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کام کرنے کا اجرنہ صرف دنیاواخرت میں مل جاتاہے بلکہ ایسے افراد اللہ کی نظر میں بھی ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کو اپنی سطح پر ایسے وسائل وسہولیات پیدا کرنے کی خواہش کا اظہارکیاجس سے عوام کو ہروقت اسانی سے ذیابیطس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کی سہولت میسر آسکیں، کیونکہ بروقت ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے انسان کو ذیابیطس جیسے مرض کی لاحق ہونے کا پتہ ہی نہیں چلتا۔انہوں نے ذیابیطس کے مریضوں کامفت علاج کی سہولت پر ایسوسی ایشن کے جذبہ کو بھی سراہا۔ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبرپروفیسرمصطفی اقبال نے گورنرکوذیابیطس ایسوسی ایشن کا پیٹرن بننے کی پیشکش کی جس کو گورنرنے ذیابیطس کے خاتمے کے جذبے کے تحت قبول کیا۔ علاوہ ازیں گورنر سے ملک سعد شہیدمیموریل ٹرسٹ کے چیئرمین امجد عزیز ملک کی قیادت ٹرسٹ کے نمائندہ وفد نے بھی گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں شکیل الرحمن، مظہرالحق اور محمد بلال شامل تھے۔ امجدعزیز ملک نے گورنر کو ٹرسٹ کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔ گورنرنے اس موقع پرٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے وفد کو اپنی جانب سے تعاون کا مکمل یقین دلایا۔ دریں اثناء گورنرسے سابق صوبائی وزیرشہزادہ گستاسپ، بزنس کمیونٹی کے نمائندوں ریاض اور مظفر نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔