عالمی ادارہ صحت نے کروڑوں روپے مالیت کے طبی آلات محکمہ صحت کے حوالے کر دیئے 

عالمی ادارہ صحت نے کروڑوں روپے مالیت کے طبی آلات محکمہ صحت کے حوالے کر دیئے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        پشاور(سٹاف رپورٹر)عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ نے اپنے دورہ کوہستان کے موقع پر  تقریبا 3 کروڑ روپے مالیت کے طبی آلات، فرنیچر  و دیگر ضروری اشیا ء محکمہ صحت کے حوالے کردیں۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی ایچ اوز اور کے پی سب آفس کے عملے کے ہمراہ  اپر اور لوئر کوہستان کا دورہ کیا اور متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ضروری ادویات اور دیگر سامان حوالے کیا۔ سامان میں ضروری ادویات، طبی آلات، لیبر روم کیلئے اشیایے ضروریہ اور فرنیچر شامل ہے۔ انہوں نے لوئر کوہستان کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پٹن میں کانفرنس روم کا افتتاح بھی کیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر عابد جمیل نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت سے ایک ماہ قبل اپر اور لوئر کوہستان کے ہسپتالوں کیلئے ضروری سامان کی فراہمی کی درخواست کی تھی جس پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ نے فی الفور غور کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر سامان فراہم کرکے ممنون و مشکور فرمایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی ادارہ صحت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 40 مراکز صحت کی فعالی و بحالی کا کام بھی کررہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان نے بتایا کہ یہ سامان سیلاب سے متاثرہ دور افتادہ اضلاع کوہستان اپر اور لوئر کے مراکز صحت کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب کے فوری بعد انہوں نے ان اضلاع کا دورہ بھی کیا تھا جبکہ عالمی ادارہ صحت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں صحت کے انفراسٹرکچر کی فعالی و بحالی کیلئے فزیبیلٹی سروے بھی کیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دور افتاد علاقوں میں صحت سہولیات بہتر ہونے سے صوبے کے بڑے ہسپتالوں پر نہ صرف بوجھ کم ہوگا بلکہ عوام کو انکی گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات بھی مہیا ہوں گی۔