سیکیورٹی فورسز اور منشیات فروشوں میں مقابلہ، حکام کو ٹرک کی پچھلی نشست سے ایسی چیز مل گئی کہ کوئی سوچ بھی نہ سکے، یہ منشیات نہیں تھی
میکسیکو سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شمالی امریکہ کے ملک میکسیکو کے کچھ حصوں میں سیکیورٹی اہلکاروں اور منشیات فروش گروہوں کے درمیان فائرنگ کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں لیکن ایک انتہائی غیر معمولی واقعہ میں، ڈرگ لارڈز کا ٹرک جو انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ لڑائی کے بعد چھوڑا تھا اس میں ایک بنگال ٹائیگر مل گیا جو انہوں نے پچھلی سیٹ پر رکھا ہوا تھا۔
دی میٹرو کے مطابق کارٹیل گاڑیوں کے ایک قافلے کو میکسیکن اینٹی ڈرگ یونٹ کے ارکان نے گزشتہ پیر کو شمالی میکسیکو کے شہر سینالووا میں دیکھا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ میکسیکو میں شیر ڈرگ کارٹلز کی علامت ہیں، حکام نے جب ٹرک کی پچھلی سیٹ پر ٹائیگر دیکھا تو انہیں اندازہ ہوگیا کہ یہ منشیات فروشوں کا ٹرک ہے اور کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد گینگ کے ارکان اپنی کاریں، ہتھیار، گولہ بارود اور شیر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔