دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت اتنی ہوگئی کہ ایلون مسک کہیں پیچھے رہ گئے
پیرس (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا کے امیر ترین شخص برنارڈ ارنالٹ دوسرے نمبر کے ایلون مسک پر اپنی برتری مضبوط کر رہے ہیں۔ لگژری ٹائکون ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ ارنالٹ زیادہ مہنگی اشیاء فروخت کر رہے ہیں جبکہ ٹیسلا انکارپوریشن کے بانی ایلون مسک نے الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق برنارڈ ارنالٹ کے اثاثے ایک ہی دن میں 12 بلین ڈالر کے اضافے سے تقریباً 210 ارب ڈالر تک پہنچ گئے جو ایک ریکارڈ بلندی اور ان کا اب تک کا دوسرا سب سے بڑا سنگل ڈے اضافہ ہے۔ دوسری جانب 3.8 ارب ڈالر حاصل کرنے کے بعد مسک کی مالیت 180 ارب ڈالر ہے۔
بلومبرگ کے مطابق 74 سالہ ارنالٹ کی مجموعی مالیت میں اضافہ اس وقت ہوا جب سرمایہ کاروں نے لوئی ووٹن ہینڈ بیگز، موئٹ اینڈ چاندن شیمپین اور کرسچن ڈائر گاؤن کے پروڈیوسر کی طرف سے شائع کردہ سہ ماہی فروخت کی خوشی کا اظہار کیا۔ ایل وی ایم ایچ کے حصص پیرس ٹریڈنگ میں 5.7 فیصد بڑھ کر ایک ریکارڈ تک پہنچ گئے، جس نے اسے 444 ارب یورو (491 ارب ڈالر ) کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ دنیا کی ٹاپ 10 کمپنیوں میں شامل کردیا۔