ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیا، ڈرون اور کروز میزائلز فائر

ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیا، ڈرون اور کروز میزائلز فائر
ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیا، ڈرون اور کروز میزائلز فائر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران نے اسرائیل پر 100کے قریب ڈرون اور کروز میزائلز سے حملےکر دیے۔ایران نے اسرائیل پر براہ راست ڈرون حملے کیے ہیں، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ درجنوں UAVs ایران سے روانہ ہوئے اور اسرائیل کے لیے اپنا راستہ بنا رہے ہیں۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق ایران نے اپنی سرزمین سے اسرائیل کی سرزمین کی طرف بغیر پائلٹ کے طیارے روانہ کیے ہیں۔اب طیاروں کو اسرائیل تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کہا جاتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں، ہم کوشش کریں گے کہ UAVs کو اسرائیل کی سرزمین تک پہنچنے سے روکا جائے۔اسرائیلی چینل 12 نے دعویٰ کیاہے کہ اسرائیل نے شام اور اردن پر کئی ایرانی ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیاہے ۔ایران نے 100کے قریب ڈرونز اور کروز میزائل فا ئر کئے تھے۔

ادھر ایران کے وزیر دفاع نے ایک بیان جاری کر کے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ان میں سے جو بھی ڈرون کو روکنے کے لیے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے گا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

شام، لبنان اور عراق نے بھی اپنی فضائی حدودکو بند کر دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اردن کا کہنا ہے کہ اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ایرانی طیارے کو مار گرانے کے لیے تیار ہیں۔شام نے دارالحکومت دمشق سمیت اہم اڈوں پر ائیر ڈیفنس سسٹم کو الرٹ کر دیا ہے جبکہ اردن نے بھی ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے یکم اپریل کو  شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے پر میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے سینیئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل تھے۔