واشنگٹن میں پاکستانی ڈاکٹروں کا سالانہ کنونشن شروع ہوگیا

واشنگٹن میں پاکستانی ڈاکٹروں کا سالانہ کنونشن شروع ہوگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ اور کینیڈا کے پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم، پاکستانی امریکن فزیشنز آف نارتھ امریکہ (اپنا) کے زیراہتمام 37 واں سالانہ کنونشن بدھ کے روز واشنگٹن میں شروع ہوگیا۔ واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں نیشنل ہاربر پر ڈاکٹروں کے اس روایتی موج میلے کا یہ چار روزہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔ اس اجتماع میں تقریباً دو ہزار ڈاکٹرز اپنے خاندانوں سمیت شرکت کررہے ہیں۔ ان چار دنوں میں سیاسی اور سوشل فورمز کے علاوہ موسیقی اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس کنونشن میں شریک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار تک پہنچ جائے گی۔
امریکہ میں پاکستانی پروفیشنلز اور خصوصاً ڈاکٹرز اپنے ہنر اور اس سے کمائے جانے والے سرمائے کے باعث اپنے آپ کو دوسرے پاکستانیوں سے ایک الگ ”مخلوق“ سمجھتے ہیں اور آسانی سے گلتے ملتے نہیں ہیں۔ اب اس ”ارسٹوکریٹ کلاس“ میں نسبتاً کم پڑھے لکھے دولت مند تاجر بھی شامل ہوگئے ہیں۔ ان ڈاکٹروں کو پیسے کی کمی نہیں ہے لیکن انہیں پبلسٹی کی شدید خواہش ہے اس لئے وہ آگے بڑھ بڑھ کر صرف میڈیا کے چیدہ چیدہ افراد کو دعوتیں دیتے ہیں جو اپنی رپورٹوں اور کالموں میں ان کا ذکر کرکے انہیں تسکین پہنچاتے ہیں۔
”اپنا“ کا سالانہ کنونشن دراصل ان کی اجتماعی فیملی پکنک ہے جسے وہ تفریح سمجھ کر پیسہ لٹا کر چلے جاتے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ جب ڈاکٹر آصف رحمان ان کے صدر ہیں تو کچھ ٹھوس سماجی منصوبوں کو شروع کرنے کا ذکر ہورہا ہے۔ ”اپنا“ کے میڈیا کوآرڈینیٹر خالد علی نے روزنامہ ”پاکستان“ کو بتایا ہے کہ ”اپنا“ نے امریکہ اور پاکستان میں صحت اور تعلیم کے منصوبے شروع کرنے کے لئے تین ارب ڈالر کے سرمائے سے ایک فاﺅنڈیشن قائم کردی ہے۔ اس فاﺅنڈیشن کے تحت امریکہ اور پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹیچنگ ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ میڈیکل کالج قائم ہوں گے جن کے ساتھ منسلک ہسپتال ہوں گے۔ فاﺅنڈیشن کیلئے ڈاکٹرز فنڈ فراہم کریں گے جس کے علاوہ امریکی فلاحی اداروں سے بھی گرانٹ حاصل کی جائے گی۔
اس کنونشن میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ہیلتھ کیئر، فنانشل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سے متعلق کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کریں گی۔ شرکاءکو خریداری کا موقع فراہم کرنے کیلئے ”اپنا بازار“ بھی لگایا جارہا ہے۔ بدھ کو پہلے روز کی شام ایک پاکستانی سنگر اسد عباس کا کنسرٹ ہوگا۔ جمعرات 14 اگست کو یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوگی جس میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی خصوصی شرکت کریں گے۔ رات کو ”اپنا آئیڈل“ کے نام سے گائیکی کا مقابلہ ہوگا۔ جمعہ کی رات موسیقی کے کنسرٹ میں شازیہ منظور کمار سانو شرکت کریں گے۔ ہفتہ کو پروگرام کی آخری رات شریا گوسال کا کنسرٹ ہوگا۔ قبل ازیں ہفتے کو جو فورمز منعقد ہوں گے ان میں جنرل مائیکل ہائیڈن تھامس پکرنگ، جوناتھن پریٹ، حسین حقانی اور متعدد پاکستانی صحافی حصہ لیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -