کسانوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی جاری رہے گی: ڈاکٹرفرخ جاوید
لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کاشتکاروںکیلئے گزشتہ سال مقرر کیے گئے بجلی کے رعائتی نرخ میں کوئی اضافہ نہ کرنے اور انہیں10 روپے35پیسے پر ایک سال کیلئے برقرار رکھنے کے اصولی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کو کھاد کی قیمتوں پر سبسڈی دینے کیلئے جلد از جلد پالیسی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ حکومت پنجاب کسانوں کو خوش حال بنانے اور انکے لئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔ ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کے رعائتی نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کسانوں کی فلاح کیلئے اٹھایا گیا ایک شاندار قدم ہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایک اعلی سطحی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کسانوں کو کھاد کی قیمتوں میں14ارب روپے کی سبسڈی دینے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیااور متعلقہ محکموں سے تجاویز لی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے ان تجاویز کی روشنی میں جلد از جلد پالیسی مرتب کرنے اور اسے عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میںڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کسانوں کو ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی کے گزشتہ سال دیے گئے رعائتی نرخ10.35 روپے فی یونٹ کو مزید ایک سال کیلئے برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کاشتکاروںکا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں بجلی کے رعائتی نرخ دیے جائیں اور حکومت نے اپنی کسان دوست پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے کاشتکاروں کا یہ مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔ اجلاس میں سفارش کی گئی کہ وفاقی حکومت ضروری دستاویزات کی تیاری کے بعد کھاد پر سبسڈی دینے اور بجلی کے رعائتی نرخ برقرار رکھنے کے حتمی فیصلے کا اعلان کرے ۔ یاد رہے کہ یہ تمام فیصلے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے جہاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی، صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، سیکرٹری زراعت پنجاب علی طاہر اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔